میپکو افسر 31دسمبر تک اہداف مکمل کریں،امجد نوازبھٹی
ٹارگٹڈ آپریشن ،فیڈرز کی کارکردگی مانیٹر کرکے بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے
ملتان (خصوصی رپورٹر)سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ملتان سرکل امجد نواز بھٹی نے کہا ہے کہ میپکو کی کارکردگی کا براہِ راست تعلق فیلڈ میں کام کرنے والے افسروں اور عملے سے ہے ۔ لائن لاسز میں کمی اور ریکوری اہداف کی بروقت تکمیل نہ صرف ادارے کے مالی استحکام کے لئے ضروری ہے بلکہ صارفین کو معیاری اور مسلسل سروسز فراہم کرنے کے لئے بھی انتہائی اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسر 31دسمبر 2025تک ماہانہ اور سالانہ مقرر کردہ اہداف ہر صورت مکمل کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل، ریونیو اور سب ڈویژنل افسروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں میوٹ میٹرز کی فعالی، لائن لاسز میں کمی، صارفین سے واجبات کی ریکوری، مستقل نادہندگان کے خلاف کارروائی، زرعی ٹیوب ویل صارفین سے وصولیوں کی صورتحال اور اعلیٰ حکام کے دیئے گئے اہداف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایس ای امجد نواز بھٹی نے کہا کہ مستقل نادہندگان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن اور فیڈرز کی کارکردگی کی مسلسل مانیٹرنگ سے بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے فیلڈ افسروں کو ہدایت کی کہ نادہندہ صارفین سے واجبات کی وصولی کے لئے تمام قانونی و انتظامی اقدامات بروئے کار لائے جائیں، خصوصاً ٹیوب ویل صارفین کی ریکوری پر خصوصی توجہ دی جائے ۔