کبیروالا،دہائیوں پرانی تجاوزات ختم، سرکاری اراضی واگزار

کبیروالا،دہائیوں پرانی تجاوزات ختم، سرکاری اراضی واگزار

ککڑ ہٹہ روڈ، اولڈ کچہری روڈ اور ملتان روڈپرتاریخ ساز کریک ڈاؤن کیا گیا

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ رشید کی زیرِ سرپرستی کبیر والا میں تاریخ کا سب سے بڑا انسدادِ تجاوزات آپریشن کامیابی سے جاری ہے ۔ اس آپریشن کے دوران ککڑ ہٹہ روڈ، اولڈ کچہری روڈ اور ملتان روڈ پر دہائیوں سے قائم مستقل تجاوزات کو مرحلہ وار ختم کر کے سرکاری اراضی واگزار کرائی جا رہی ہے ۔انسدادِ تجاوزات کے عمل کو شفاف اور منصفانہ بنانے کیلئے دو ہفتے قبل دکان مالکان، کرایہ داروں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ جامع اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں تجاوزات کے خاتمے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے بعد تجاوز شدہ سرکاری اراضی کی درست نشاندہی کیلئے جدید لیزر ٹیکنالوجی کے ذریعے پیمائش کی گئی اور باہمی مشاورت سے تجاوزات ختم کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی۔

ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد متعدد دکان مالکان نے رضاکارانہ طور پر تجاوزات ہٹانا شروع کر دیں۔ اولڈ کچہری روڈ کو اب تک تقریباً پچاس فیصد کلیئر کر لیا گیا ہے جبکہ ککڑ ہٹہ روڈ پر بھی بڑے پیمانے پر تجاوزات کا خاتمہ کیا جا چکا ہے ۔ سردارپور چوک پر سرکاری اراضی پر قائم ایک مسجد اور دو دکانیں پُرامن طریقے سے ہٹا دی گئیں۔یہ آپریشن اسسٹنٹ کمشنر کبیر والا رانا عامر لیاقت کی قیادت میں کیا گیا، جس میں پیرا فورس، میونسپل کمیٹی، پولیس اور ویجیلنس کمیٹی نے بھرپور تعاون کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی بلاامتیاز اور قانون کے مطابق جاری رہے گی، جبکہ تاجروں کو آخری بار ازخود تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں