کہروڑپکا میں پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام کے تحت میلہ
خصوصی میلے میں خاندانی منصوبہ بندی ،ماں اور بچے کی صحت سے آگاہی
کہروڑپکا (نمائندہ دنیا)پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام کے سلسلے میں محکمہ صحت و آبادی حکومتِ پنجاب کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر لودھراں سید مدثر ہاشمی کی جانب سے کہروڑپکا میں خصوصی فیملی پلاننگ میلے کا انعقاد کیا گیا۔ میلے کا مقصد عوام کو خاندانی منصوبہ بندی، ماں اور بچے کی صحت، آبادی میں توازن اور تعلیم کی اہمیت سے مؤثر انداز میں آگاہ کرنا تھا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی راؤ راشد، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ جنرل پاپولیشن ویلفیئر لاہور اور ڈی ایس پی کہروڑپکا ملک ریاض احمد تھے۔
جنہوں نے میلے میں قائم مختلف آگاہی اسٹالز کا دورہ کیا اور محکمہ آبادی کی کارکردگی کو سراہا۔ پاپولیشن آفیسرز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آبادی میں تیز رفتار اضافہ ملکی ترقی کیلئے ایک بڑا چیلنج بنتا جا رہا ہے ، جس سے نمٹنے کیلئے خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ناگزیر ہے ۔میلہ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر سید مدثر ہاشمی کی نگرانی میں منظم انداز میں منعقد کیا گیا، جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اور پاپولیشن کے تمام افسران و اہلکاران، بشمول چودھری طارق سکھیرا نے شرکت کی۔