کوٹ ادوشہر کی خوبصورتی ، صحت سہولیات ترجیح ،بلال سلیم
بیوٹیفکیشن منصوبے مقررہ مدت میں بہتر معیار کیساتھ مکمل کریں،ڈپٹی کمشنر
کوٹ ادو (نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بیرسٹر بلال سلیم کی زیر صدارت شہر کی خوبصورتی بڑھانے کیلئے بیوٹیفکیشن منصوبوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ میڈم انعم حفیظ اور اربن یونٹ کے افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شہر کی بیوٹیفکیشن، پارکس کی بہتری اور دیگر خوبصورتی کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈپٹی کمشنر بیرسٹر بلال سلیم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا، بہتر اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ ، جس کیلئے تمام ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں۔
دریں اثناء ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بیرسٹر بلال سلیم نے اتوار کے روز ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹ ادو کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور عملے کی حاضری کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں سے علاج معالجے کے بارے میں دریافت کیا۔اس موقع پر ادویات کی دستیابی، لیبارٹری سہولیات اور دیگر طبی انتظامات بھی چیک کیے گئے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور مریضوں کو بروقت معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔