مریم کے مہمان پروگرام کے تحت افطاری کا سلسلہ جاری
ڈی سی عثمان طاہرکا مختلف مقامات کا دورہ ،معیار، صفائی ودیگر سہولتوں کا جائزہ
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر ماہِ رمضان المبارک کے نویں روز بھی ضلع مظفرگڑھ میں ’’مریم کے مہمان‘‘ پروگرام بھرپور انداز میں جاری رہا۔ شادی ہالز، ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال اور دیگر اہم مقامات پر مستحق، مزدور اور مسافر روزہ داروں کے لیے باوقار افطاری دسترخوان قائم کیے گئے جہاں معیاری کھانے اور بہتر انتظامات یقینی بنائے گئے ۔ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے افطار سے قبل مختلف مقامات کا دورہ کیا اور دسترخوانوں کے انتظامات، کھانے کے معیار، صفائی ستھرائی، بیٹھنے کی سہولت اور سکیورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام امور منظم انداز میں مکمل کیے جائیں تاکہ روزہ داروں کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔