نشترون، آن لائن سسٹم میں خرابی ،مریضوں کو مشکلات
ملتان (لیڈی رپورٹر)نشتر ہسپتال ون کے آؤٹ ڈور میں آن لائن سسٹم میں تکنیکی خرابی کے باعث گزشتہ روز مریضوں اور ان کے لواحقین کو ماہِ صیام کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔۔۔
ذرائع کے مطابق صبح 8 بجے سے 9 بج کر 50 منٹ تک مرکزی سرور میں فنی خرابی کے باعث پرچیوں کا اجرا مکمل طور پر بند رہا جس کے نتیجے میں آؤٹ ڈور میں طویل قطاریں لگ گئیں اور بدنظمی دیکھنے میں آئی۔ہسپتال انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ مرکزی سرور میں تکنیکی مسئلے کے باعث سسٹم عارضی طور پر ڈاؤن ہوا، تاہم خرابی دور ہوتے ہی پرچیوں کا اجرا دوبارہ شروع کر دیا گیا۔
دوسری جانب ڈاکٹرز اپنے کمروں میں مریضوں کے انتظار میں بیٹھے رہے جبکہ آن لائن پرچی جاری نہ ہونے کے باعث مریض معائنہ نہ کرا سکے ۔متاثرہ مریضوں اور لواحقین نے شکایت کی کہ آن لائن سسٹم کو ہمہ وقت فعال رکھا جائے اور کمپیوٹر آپریٹرز کے طور پر تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا جائے جو ٹائپنگ اور دفتری امور میں مہارت رکھتا ہو۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ سسٹم فعال ہونے کے باوجود بھی بعض اوقات پرچی کے اجرا میں غیر ضروری تاخیر کی جاتی ہے جس سے مریضوں کو طویل انتظار اور ذہنی اذیت برداشت کرنا پڑتی ہے ۔