لودھراں ، تجاوزات اورمہنگائی مافیا کیخلاف کارروائیاں تیز

لودھراں ، تجاوزات اورمہنگائی مافیا کیخلاف کارروائیاں تیز

بازاروں کے دورے ، سرکاری ریٹ لسٹ چیک، گرانفروشوں کو جرمانے

لودھراں (سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر لودھراں چودھری محمد اشرف کی ہدایت پر سٹی ایریا میں تجاوزات اور اوور چارجنگ کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ایس ڈی ای او پیرا فورس لودھراں شاہد حسین سپرا کی زیر نگرانی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف بازاروں کا دورہ کر کے اینٹی ہورڈنگ ایکٹ کے تحت کارروائی کی۔انفورسمنٹ افسران مدیحہ حبیب، اقرا حنیف، تانیہ سجاد اور انویسٹیگیشن آفیسر اسداللہ نواز نے دکانوں پر سرکاری ریٹ لسٹ چیک کی اور آٹا، گوشت سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔ کارروائی کے دوران اوور چارجنگ اور خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو مجموعی طور پر 17 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ متعدد کو آئندہ خلاف ورزی سے باز رہنے کی وارننگ بھی جاری کی گئی۔اس موقع پر دکانداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ سرکاری نرخ نامے نمایاں مقام پر آویزاں کریں اور اشیائے ضروریہ مقررہ قیمتوں پر فروخت کریں۔ ایس ڈی ای او پیرا فورس شاہد حسین سپرا نے کہا کہ جدید ریڑھی بازار قائم ہونے کے بعد شہر میں غیر قانونی ریڑھی، پھٹا رکشہ یا تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں