کوٹ ادو سبزی منڈی میں سرکاری نرخوں پر عملدرآمدکی ہدایت
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکا دورہ،نیلامی کے عمل اورصفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد علی نے سبزی منڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کے عمل، سرکاری نرخناموں اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر صدر سبزی منڈی حاجی محمد یوسف رانا، جنرل سیکرٹری چوہدری عبدالوحید اور دیگر آڑھتی بھی موجود تھے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے آڑھتیوں اور دکانداروں سے گفتگو کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اشیائے خوردونوش مقررہ سرکاری نرخوں پر فروخت کی جائیں اور کسی قسم کی گرانفروشی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ افسران کو بھی ہدایت کی کہ قیمتوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ سبزی منڈی میں صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے اور نیلامی کے عمل کو شفاف بنایا جائے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد علی کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔