انسداد ڈینگی مہم،334ٹیمیں متحرک،فیلڈ مانیٹرنگ سخت کرنے کا حکم
لودھراں 1116، وہاڑی میں 1004کیسز رپورٹ، ایک مریض کنفرم، خانیوال سے 602مشتبہ کیسز سامنے آئے ، یومیہ سرگرمیاں پورٹل پر اپ لو ڈکی جائیں،کمشنر
ملتان (وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت انسدادِ ڈینگی مہم بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژن بھر میں جاری اقدامات اور موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔کمشنر نے ہدایت کی کہ جدید اینڈرائیڈ سسٹم کے تحت ڈینگی کے خلاف تمام سرگرمیوں کو پورٹل پر اپ لوڈ کیا جائے جبکہ تمام ہاٹ سپاٹس کی مکمل سویپنگ یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے محکمہ صحت کی ٹیموں کو گھروں، ٹائر شاپس اور قبرستانوں کی مسلسل سرویلنس کرنے اور کمرشل مقامات پر ڈینگی لاروے کی افزائش کے سدباب کیلئے سخت کارروائی کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ موسم کی تبدیلی کے باعث ڈینگی وائرس سے نمٹنے کیلئے ٹیمیں ہائی الرٹ رہیں اور روایتی پروٹوکول کے ساتھ موسمی عوامل کو بھی مدنظر رکھا جائے ۔
تمام محکموں کو مشترکہ حکمت عملی اپنانے ، جبکہ افسروں کو اپنی ٹیموں کے ساتھ صورتحال کا ازسرنو جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی۔کمشنر عامر کریم خاں نے علماء کرام سے اپیل کی کہ جمعہ کے خطبات میں ڈینگی سے متعلق آگاہی فراہم کریں، جبکہ سوشل میڈیا پر غلط معلومات کا فوری اور مؤثر جواب دینے ، کنٹرول روم کے قیام اور میڈیا بریفنگ کے ذریعے مستند معلومات کی فراہمی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔ڈپٹی کمشنر ملتان نعمان صدیق نے بتایا کہ ڈینگی سرویلنس کیلئے 334 ٹیمیں متحرک ہیں اور فیلڈ مانیٹرنگ مزید سخت کر دی گئی ہے ۔ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف نے بتایا کہ ضلع میں 1116 مشتبہ کیسز کے باوجود ایک بھی کنفرم ڈینگی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ڈپٹی کمشنر وہاڑی نے بریفنگ میں بتایا کہ ضلع میں 1004 مشتبہ کیسز کے ساتھ صرف 1 کنفرم کیس رپورٹ ہوا اور تمام مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ راشد نے بتایا کہ ضلع میں 602 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے تاہم کوئی کنفرم کیس سامنے نہیں آیا۔