ڈینگی اور منکی پاکس کے حملے متعدد شہری متاثر ہسپتالوں میں انتظامات سخت
ﷰتمام مریضوں فوری آئسولیشن وارڈ منتقل،مسلسل نگرانی ، وارڈز میں صفائی ستھرائی اور جراثیم کش اقدامات کی ہدایت،نگرانی سخت کردی گئی، شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل
ملتان (لیڈی رپورٹر)ملتان شہر میں ڈینگی اور منکی پاکس کے حملے ، متعدد شہری متاثر ہوکر ہسپتالوں میں پہنچ گئے ،علاج معالجے اور صفائی ستھرائی کا نظام بہتر کرنیکی ہدایت، حفاظتی انتظامات سخت کردئیے گئے ، شہریوں سے صفائی رکھنے اوراحتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل ۔تفصیلا ت کے مطابق نشتر ہسپتال ملتان میں ڈینگی کے دو مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جبکہ منکی پاکس کے شبہ میں دو مزید مریضوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام مریضوں کو فوری طور پر آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر کے علاج معالجہ شروع کر دیا گیا ہے جبکہ ان کی حالت مسلسل نگرانی میں ہے ۔
ترجمان نشتر ہسپتال نے بتایا کہ ڈینگی سے متاثرہ دونوں مریضوں میں بیماری کی تصدیق لیبارٹری رپورٹس کے بعد ہوئی۔ تشخیص کے فوری بعد انہیں ڈینگی پروٹوکول کے تحت مخصوص وارڈ میں رکھا گیا ہے جہاں انہیں مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ طبی عملہ مریضوں کی حالت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ضروری ادویات اور نگہداشت جاری ہے ۔دوسری جانب منکی پاکس کے شبہ میں دو مریضوں کو بھی نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔ ترجمان کے مطابق ان مریضوں میں ابتدائی طور پر ایسی علامات پائی گئیں جن کی بنیاد پر انہیں احتیاطی طور پر آئسولیشن میں رکھا گیا ہے ۔ دونوں مریضوں کے نمونے مزید تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دئیے گئے ہیں جبکہ حتمی رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے ۔ رپورٹ آنے کے بعد ہی بیماری کی نوعیت کی تصدیق ہو سکے گی۔