چوری ،ڈکیتی کی وارداتیں، شہری لاکھوں سے محروم
ڈاکو ملازمین کو باندھ کر 1لاکھ 65ہزار روپے ،زیورات لوٹ کر فرار
ملتان (کرائم رپورٹر) شہر بھر میں چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں شہری نقدی، موٹرسائیکلوں اور دیگر قیمتی سامان سے محروم ہوگئے ۔ پولیس نے نامعلوم ملزموں کے خلاف مقدمات درج کرکے کارروائی شروع کر دی ہے ۔تھانہ مظفرآباد کے علاقے میں فیاض کے رقبے پر ڈاکوؤں نے داخل ہوکر ملازمین کو رسیوں سے باندھ کر 1 لاکھ 65 ہزار روپے ، طلائی زیورات اور ٹرانسفارمر کیبلز لوٹ لیں اور فرار ہوگئے ۔ تھانہ نیوملتان کے علاقے میں آصف علی سے اسلحہ کے زور پر 2 لاکھ روپے اور موٹرسائیکل چھین لی گئی۔اسی طرح تھانہ کینٹ کے علاقے میں فرید کی موٹرسائیکل، چہلیک میں خرم کا گیس میٹر، قطب پور میں صدیق کا بجلی میٹر، جبکہ گلگشت میں ادیب اور عدنان کی موٹرسائیکلیں چوری ہوگئیں۔مزید وارداتوں میں عثمان کا موبائل فون، قاسم کی 50 ہزار روپے نقدی، بی زیڈ میں سیف اللہ اور ارجن کے موبائل اور سامان، نوید کی موٹرسائیکل، کوتوالی کے علاقے میں مدثر اور صادق کے موبائل فونز بھی چوری کر لئے گئے ۔قادرپورراں میں زاہد کی موٹرسائیکل اور موبائل فون، بستی ملوک میں سبطین کی نقدی اور موبائل، سٹی شجاع آباد میں اختر علی کی موٹرسائیکل، صدر شجاع آباد میں شبیر کے بکرے ، راجہ رام میں صابر کا میٹر، اور صدر جلالپور میں الطاف کا سولر انورٹر چوری ہوگیا۔نیو ملتان، رکن عالم، سیتل ماڑی اور حرم گیٹ کے علاقوں سے بھی شہریوں کے موبائل فونز چوری ہونے کی اطلاعات ہیں۔