زرعی یونیورسٹی میں مینگو اینڈ ڈیٹس فیسٹیول کا افتتاح
زرعی تجارت، برآمدات اور جدید ایگری بزنس کے فروغ پر زور دیا گیا
ملتان (خصوصی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی ملتان میں تین روزہ ‘‘مینگو اینڈ ڈیٹس فیسٹیول 2026’’ کا رنگا رنگ افتتاح کیا گیا۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب دنیا کے بہترین آم اور کھجور پیدا کرتا ہے ، جنہیں عالمی منڈیوں تک مؤثر انداز میں پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیسٹیول کاشتکاروں، برآمد کنندگان، سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کے درمیان کاروباری روابط مضبوط بنانے کا مؤثر پلیٹ فارم ہے ، جبکہ پنجاب حکومت زرعی شعبے میں جدت، فوڈ پروسیسنگ، ویلیو ایڈیشن، کولڈ چین اور برآمدات کے فروغ کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ مینگو فیسٹیول کے انعقاد کا یہ دسواں سال ہے ، جو یونیورسٹی کے تحقیق، صنعت اور کسانوں کے درمیان مضبوط روابط کے عزم کا مظہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جدید پیکجنگ، گریڈنگ، فوڈ پروسیسنگ، کولڈ اسٹوریج اور بین الاقوامی معیار کی برانڈنگ کے ذریعے آم اور کھجور کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد، پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ جامعات کا کردار تحقیق کو صنعت، کسان اور مارکیٹ سے جوڑنا ہے۔