تعلیمی بورڈ : کرپشن پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ
انتظامی ، مالی ، امتحانی ،ادارہ جاتی بدعنوانی پر سخت کارروائی کی جائے گی، کرپشن میں ملوث اہلکار الیاس صدیقی کیخلاف انکوائری افسر کی سفارشات ،رپورٹ کی منظوری بورڈ آف گورنرز اجلاس، امتحانی نظام میں شفافیت، طلبہ کو بہتر سہولیات، انفراسٹرکچر کی بہتری، مالی نظم و ضبط اور آئی ٹی نظام کو مضبوط بنانے سمیت مختلف امور پراہم فیصلے
ملتان (خصوصی رپورٹر)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس چیئرمین بورڈ ڈاکٹر اعجاز احمد تتلہ کی زیر صدارت کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس میں انتظامی، مالی، امتحانی اور ادارہ جاتی امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کرپشن میں ملوث اہلکار الیاس صدیقی کے خلاف انکوائری افسر کی سفارشات پر غور کے بعد رپورٹ اور سفارشات منظور کرتے ہوئے فوری عملدرآمد کی ہدایت کردی گئی۔ذرائع کے مطابق الیاس صدیقی پر الزام تھا کہ اس نے ایک خاتون سے مبینہ طور پر رقم وصول کرکے ایک امیدوار کا سکول تبدیل کرنے کے لئے غیر قانونی طور پر معاملہ طے کیا۔
معاملے کی انکوائری کے بعد رپورٹ بورڈ کے سامنے پیش کی گئی، جسے بورڈ آف گورنرز نے تفصیلی غور کے بعد منظور کرلیا۔بورڈ حکام کے مطابق کارروائی ادارے میں شفافیت، میرٹ اور مالی و انتظامی نظم و ضبط یقینی بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے ۔ اجلاس کے آغاز پر ارکان نے ڈاکٹر اعجاز احمد تتلہ کو چیئرمین بورڈ تعینات ہونے پر مبارکباد دی۔اجلاس میں امتحانی نظام میں شفافیت، طلبہ کو بہتر سہولیات، انفراسٹرکچر کی بہتری، مالی نظم و ضبط اور آئی ٹی نظام کو مضبوط بنانے سمیت مختلف امور پر فیصلے کئے گئے ۔ ارکان نے امتحانی معاملات میں میرٹ و شفافیت اور طلبہ و والدین کو بروقت سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا۔اجلاس میں حکومت پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری بورڈز ڈاکٹر نعمان جمیل خان اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی سیکرٹری محمد ابراہیم ارباب نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور طلبہ کے مفادات کے تحفظ کو ترجیح دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments