ملتان کے 36 فیصد سرکاری سکول ٹوائلٹس اور بنیادی سہولیات سے محروم
ڈیرہ غازی خان 45،حافظ آباد 33، بھکر 32، بہاولنگر کے 31فیصد سکولوں میں واش رومز موجود نہیں،صفائی کی صورتحال ابتر، وزیرآباد کے 30فیصد سکولوں میں گندگی کے ڈھیر
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان سمیت پنجاب کے مختلف سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کے فقدان کا انکشاف ہوا ہے ۔ پروگرام مانیٹرنگ یونٹ کی رپورٹ کے مطابق متعدد سرکاری سکول اساتذہ، فرنیچر، ٹوائلٹس اور صفائی جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔رپورٹ کے مطابق لاہور کے 27 فیصد سرکاری سکولوں میں ٹوائلٹس موجود نہیں، جبکہ ڈیرہ غازی خان کے 45 فیصد، ملتان کے 36 فیصد، حافظ آباد کے 33 فیصد، بھکر کے 32 فیصد اور بہاولنگر کے 31 فیصد سکول بھی ٹوائلٹس کی سہولت سے محروم ہیں۔ میانوالی، رحیم یار خان اور گوجرانوالہ کے 29 فیصد سکولوں میں بھی ٹوائلٹس کی کمی پائی گئی۔
فرنیچر کے حوالے سے بھکر کے 48 فیصد سرکاری سکول سب سے زیادہ متاثر ہیں، جبکہ جھنگ کے 45 فیصد، ڈیرہ غازی خان کے 37 فیصد، چنیوٹ کے 35 فیصد، گوجرانوالہ کے 34 فیصد، مظفرگڑھ کے 33 فیصد، لیہ کے 29 فیصد اور ساہیوال کے 28 فیصد سکولوں میں فرنیچر کی کمی سامنے آئی۔رپورٹ میں سکولوں کی صفائی کی صورتحال بھی ابتر قرار دی گئی۔ وزیرآباد کے 30 فیصد سکولوں میں گندگی اور کچرے کے ڈھیر پائے گئے ، جبکہ گوجرانوالہ اور لودھراں کے 24 فیصد، چنیوٹ اور لاہور کے 22 فیصد سکولوں میں صفائی کے ناقص انتظامات کی نشاندہی ہوئی۔اساتذہ کی غیرحاضری بھی رپورٹ کا حصہ ہے۔ مری کے 14 فیصد، جھنگ کے 11 فیصد جبکہ بہاولپور، اوکاڑہ، وزیرآباد اور راجن پور کے 10 فیصد سکولوں میں اساتذہ غیرحاضر پائے گئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments