وہاڑی میں اراضی تنازعات، 43 درخواستوں کا جائزہ مکمل
ریونیو ریکارڈ ،شواہد کی بنیاد پر سفارشات ٹربیونل کو ارسال کی جائینگی ، سکروٹنی کمیٹی
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی)پنجاب پروٹیکشن آف اونر شپ آف اموویبل پراپرٹی ایکٹ کے تحت سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیرصدارت ہوا، جس میں زمینوں کے تنازعات سے متعلق درخواستوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تصور اقبال، اے ڈی سی ریونیو صبا سحر، اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی انعم اکرم، ڈی ایس پی عمران خورشید، ڈسٹرکٹ اٹارنی ملک ظفر اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں تحصیل وہاڑی سے موصول ہونے والی 43 درخواستوں اور زمینوں کی ملکیت و قبضے سے متعلق کیسز کا فرداً فرداً جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے متعلقہ ریکارڈ، تحقیقات اور دستیاب شواہد کی روشنی میں کیسز کا جائزہ لیتے ہوئے سفارشات مرتب کیں، جو مزید کارروائی کے لیے ٹربیونل کو بھجوائی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے کہا کہ زمینوں کے تنازعات کے حل کے لیے حقائق پر مبنی سفارشات تیار کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ زمین کی ملکیت، قبضے اور دیگر ریونیو ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال یقینی بنائی جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ شفاف تحقیقات اور درست حقائق کی بنیاد پر سفارشات کی تیاری انصاف کی فراہمی، شہریوں کے مسائل کے حل اور جائز حقوق کے تحفظ کے لیے اہم ہے ۔ڈی پی او تصور اقبال نے کہا کہ جائز مالکان کو ان کا حق دلانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور شواہد کی روشنی میں تحقیقات مکمل کرکے رپورٹس ٹربیونل کو بھجوائی جا رہی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments