350 ساشے ممنوعہ گٹکا تلف، ایک شخص گرفتار
350 ساشے ممنوعہ گٹکا تلف، ایک شخص گرفتارمالک کے خلاف مقدمے کیلئے درخواست دائر ،مزید کارروائیاں جاری
ملتان (لیڈی رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ممنوعہ گٹکے کی فروخت کے خلاف بڑا ایکشن ، کہروڑ پکا میں پان شاپ پر دورانِ کارروائی 350 ساشے ممنوعہ گٹکا تلف، ایک شخص گرفتار، مالک کے خلاف مقدمے کی درخواست دائر۔شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن جاری ہے ۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے کہروڑ پکا میں پیلی کوٹھی چوک پر واقع پان شاپ میں کارروائی کرتے ہوئے دکان میں چھپا کر رکھا گیا مختلف اقسام کا ممنوعہ گٹکا برآمد کیا۔
فوڈ سیفٹی ٹیم نے دورانِ کارروائی 350 ساشے ممنوعہ گٹکا تلف کیا، جبکہ پابندی کے باوجود ممنوعہ گٹکا فروخت کرنے پر پان شاپ مالک کے خلاف مقدمے کا اندراج متعلقہ تھانے میں کرایا۔اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے کہا کہ ممنوعہ گٹکے کی فروخت اور استعمال انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ گٹکا منہ اور گلے کے کینسر سمیت مہلک بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے ، اس لیے اس کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ممنوعہ و مضرِ صحت مصنوعات فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments