شجاع آباد : ساڑھے 7ارب کا ترقیاتی میگا پراجیکٹ شروع
شجاع آباد : ساڑھے 7ارب کا ترقیاتی میگا پراجیکٹ شروعورلڈ بینک کے تعاون سے واٹر سپلائی اور سیوریج نظام بہتر بنایا جائے گا، ڈپٹی کمشنر
سکندرآباد (نامہ نگار ) ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق تحصیل شجاع آباد میں شہری انفراسٹرکچر کی بہتری، واٹر سپلائی کی بحالی اور سیوریج کے مسائل کے مستقل حل کے لیے ساڑھے سات ارب روپے کی خطیر لاگت سے میگا پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے ۔ ورلڈ بینک کے تعاون سے مکمل کیے جانے والے اس منصوبے کے تحت شجاع آباد میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں گے ، جس سے شہریوں کو درپیش بنیادی مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں منصوبے کی پیش رفت، تکنیکی ضروریات اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ نے منصوبے کی تکنیکی جانچ اور ضروری معلومات کے حصول کے لیے کنسلٹنٹ کی معاونت سے سروے شروع کر دیا ہے ، جس کے ذریعے ترقیاتی کاموں کی ضروریات کا تعین کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے ہدایت کی کہ منصوبے کی منصوبہ بندی اور تکنیکی جانچ کے مراحل مؤثر انداز میں مکمل کیے جائیں تاکہ ترقیاتی کاموں کا بروقت آغاز اور مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جا سکے ۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی شجاع آباد کو منصوبے کی پیش رفت، متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ کاری اور ضروری امور کی تکمیل کے لیے خصوصی ٹاسک بھی سونپا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments