ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتاری تیز کرنے کا حکم

ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتاری تیز کرنے کا حکم

ملتان ڈویژن میں بیوٹیفکیشن منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا فیصلہ، کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، تین ارب ساٹھ کروڑ کی سکیموں کی پیش رفت کا جائزہ،بارہ منصوبوں کی منظور ہوچکی وہاڑی، لودھراں ،خانیوال میں جاری منصوبوں پر بریفنگ، بعض سکیموں کی ٹیکنیکل جانچ پڑتال،زیر التوا ٹینڈرز ، ورک آرڈرز جلد مکمل کریں،تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، عامر کریم خان

ملتان(وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت اجلاس میں ڈویژن بھر میں اون سورس ریونیو (OSR) کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں، ٹینڈرنگ کے عمل، ورک آرڈرز کے اجرا اور بیوٹیفکیشن منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع میں اسکیموں کی موجودہ صورتِ حال سے آگاہ کیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ملتان میں اون سورس ریونیو کے تحت مجموعی طور پر 15 اسکیمیں زیر غور ہیں، جن کی تخمینہ لاگت 3 ارب 60 کروڑ 70 لاکھ روپے ہے ۔ ان میں سے 12 اسکیموں کی منظوری ہو چکی ہے جبکہ تین اسکیموں کے پی سی ون جمع کرائے جا چکے ہیں۔ مختلف منصوبوں کے ٹینڈرز کھولے جا چکے ہیں جبکہ بعض کے لیے پرفارمنس سیکیورٹی اور تقابلی گوشواروں کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے ۔

لودھراں میں 20 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد لاگت کی چھ ترقیاتی اسکیموں پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ بیشتر منصوبوں کے ٹیکنیکل ٹینڈرز کھولے جا چکے ہیں اور ان کی جانچ پڑتال جاری ہے ۔ اجلاس میں ورک آرڈرز کے اجرا اور منصوبوں پر عملی کام شروع کرنے کے حوالے سے ٹائم لائنز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وہاڑی میں چھ اسکیموں کی مجموعی منظور شدہ لاگت 58 کروڑ 82 لاکھ روپے سے زائد ہے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مختلف منصوبوں کے ٹینڈرز کا عمل جاری ہے ، بعض اسکیموں کی ٹیکنیکل جانچ پڑتال ہو رہی ہے جبکہ ایک منصوبے پر عملی کام شروع ہو چکا ہے ۔ دیگر منصوبوں کے ورک آرڈرز کے اجرا کے لیے کارروائی جاری ہے ۔خانیوال میں ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے بتایا گیا کہ کامیاب بولی دہندگان کی پرفارمنس گارنٹی کی وصولی کے بعد ورک آرڈرز جاری کیے جائیں گے ۔ وہاڑی میں بیوٹیفکیشن کے منصوبوں کی تکمیل سے آگاہ کیا گیا جبکہ میاں چنوں سمیت دیگر مقامات پر جاری کاموں کو تیز کرنے اور متعلقہ ٹھیکیداروں سے رابطے کے ذریعے مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ جہانیاں میں دکانوں کی الاٹمنٹ کے آئندہ مراحل اور ملتان میں گھنٹہ گھر کے منصوبے سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...