میلسی :ممنوعہ چائنہ سالٹ فروخت کرنے پر سٹور مالک کوجرمانہ
فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے 70 کلو ممنوعہ نمک تلف کردیا
ملتان (لیڈی رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے میلسی میں کارروائی کرتے ہوئے ممنوعہ چائنہ سالٹ کی فروخت پر 70 کلو نمک تلف کردیا، جبکہ کریانہ سٹور مالک کو 60 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایات پر ممنوعہ اور مضر صحت اشیائے خورونوش کی فروخت کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے میلسی کے علاقے سائفن روڈ پر ایک کریانہ سٹور کی چیکنگ کے دوران ممنوعہ چائنہ سالٹ کی فروخت پکڑ لی۔ کارروائی کے دوران 70 کلو نمک موقع پر تلف کیا گیا۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق انسپکشن کے دوران خوراک کی اشیاء زمین پر رکھی پائی گئیں، جبکہ فوڈ اور نان فوڈ اشیاء کو الگ الگ محفوظ رکھنے کا مناسب انتظام بھی موجود نہیں تھا۔ سٹور مالک خریداری کا ریکارڈ بھی پیش نہ کرسکا۔ متعدد فوڈ سیفٹی خلاف ورزیوں پر اس کے خلاف کارروائی کی گئی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے کہا کہ ممنوعہ چائنہ سالٹ کا استعمال انسانی صحت کے لئے نقصان دہ ہے اور ہائی بلڈ پریشر سمیت طبی مسائل کا سبب بن سکتا ہے ۔ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔ ممنوعہ اشیاء کی خریدوفروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments