خیر کا سفر،مزدوروں مسحتق افراد میں جرسیاں،سویٹرز،شالیں تقسیم کرنیکا فیصلہ

خیر کا سفر،مزدوروں  مسحتق افراد  میں  جرسیاں،سویٹرز،شالیں  تقسیم  کرنیکا  فیصلہ

مخیر حضرات کے تعاون سے 13ہزار افراد میں گرم کپڑے تقسیم کئے گئے، مستحقین کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے سافٹ ویئر او ر ڈیجیٹل ٹوکن متعارف کرایا،کمشنر عامر خان

ملتان (وقائع نگار خصوصی)شہرِ اولیاء میں سردی سے ٹھٹھرتے نادار اور مزدور طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی خصوصی کاوش اور مخیر حضرات کے تعاون سے فلاحی منصوبے ‘‘خیر کا سفر 2026’’ کا آغاز کر دیا گیا۔ جنرل بس سٹینڈ ملتان پر قائم فلاحی بازار کا افتتاح کردیا گیا ۔تقریب میں کمشنر عامر کریم خاں، سیاسی رہنما، مخیر حضرات اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔منصوبے کے تحت مستحق مردوں، خواتین اور مزدور طبقے کو جیکٹس، جرسیوں، سویٹرز اور شالوں سمیت سردیوں کے گرم کپڑے مکمل طور پر بلا معاوضہ فراہم کئے جائیں گے ۔ افتتاحی تقریب میں کمشنر عامر کریم خاں نے سیاسی قائدین کے ہمراہ ضرورت مند خواتین و مردوں میں گرم کپڑے بھی تقسیم کئے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ اچھا خیال اللہ تعالیٰ کی عطا ہوتا ہے۔

تاہم اس خیال کو عملی شکل دینے اور پایئہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے اللہ تعالیٰ ایسے لوگوں کو بھی ساتھ جوڑ دیتا ہے جو نیکی کے اس کام میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ گزشتہ سال بھی ملتان کے مخیر حضرات کے تعاون سے اسی مقام پر ‘‘خیر کا سفر’’ شروع کیا گیا تھا، جس کے تحت تقریباً 13 ہزار مستحق افراد کو مفت گرم کپڑے فراہم کئے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سال بھی مستحق افراد کی عزتِ نفس کا مکمل خیال رکھتے ہوئے ایک باقاعدہ سافٹ ویئر اور ڈیجیٹل ٹوکن سسٹم متعارف کروایا گیا ہے ۔ بازار آنے والے ہر فرد کا شناختی کارڈ نمبر درج کرکے اسے ٹوکن جاری کیا جاتا ہے اور اس کی ضرورت کے مطابق گرم کپڑے فراہم کئے جاتے ہیں، تاکہ کسی کی عزتِ نفس مجروح نہ ہو اور امداد کا عمل شفاف اور منظم انداز میں جاری رہے۔کمشنر نے کہا کہ گزشتہ سال یہ سلسلہ 54 روز تک جاری رہا تھا، جبکہ رواں سال کوشش ہے کہ اسے مزید طویل عرصے تک جاری رکھا جائے اور زیادہ سے زیادہ مستحق افراد تک مدد پہنچائی جائے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...