ہزاروں اتائی ڈاکٹرز،ہسپتال بنا لئے،کریک ڈائون کا حکم
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) سرگودھا سمیت چاروں اضلاع میں ہزاروں اتائی بدستور غیر قانونی دھندہ میں مصروف اور انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔
، اس امر کا انکشاف پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے سی ای او ڈاکٹر محمد ثاقب عزیز کی جانب سے ہیلتھ اتھارٹیز کو بھجوائی گئی رپورٹ میں کیا گیا، جس کے مطابق ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے حالیہ کاروائیوں کے دوران پنجاب بھر میں 55 ہزار 863 اتائیوں کے خلاف ایکشن لے کر ان کے کلینک سیل کئے گئے ، جن میں سے سب سے 4 ہزار 125 کا تعلق سرگودھا سے ہے ، لیکن مانیٹرنگ کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس کے باوجود یہ غیر قانونی دھندہ بدستور جاری ہے ،لگ بھگ اتنے ہی اتائی اور نان کوالیفائیڈ پرسنز انسانی زندگیوں سے بدستور کھیلنے میں مصروف ہیں، یہی نہیں بااثر افراد ہسپتال بنا کر لوٹ مار کر رہے ہیں، اسی طرح میڈیکل سٹوروں کی آڑ میں غیر قانونی طور پر پریکٹس کی جا رہی ہے اس کے ساتھ ساتھ جعلی اور غیر معیاری ادویات کے ساتھ ساتھ بیماریوں کی تشخیص کے عمل میں ناتجربہ کاری کے انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں حالیہ آپریشن کے دوران کاروائی کی زد میں آنیوالے بیشتر اتائیوں نے کوالیفائیڈ ڈاکٹروں کا نام استعمال کرنا شروع کر دیا ہے ، صورتحال کی روک تھام میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور ہیلتھ اتھارٹیاں مشترکہ طور پر مربوط حکمت عملی اختیار کر کے اقدامات اٹھائیں تو مثبت نتائج مرتب ہو سکتے ہیں اس ضمن میں ڈپٹی کمشنرز اور سی ای اوز ہیلتھ کو فوری طور پر خصوصی کریک ڈاؤن کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں ۔