پبلک مقامات پر سگریٹ نوشی ،پابندی پر عملدرآمد نہ ہوسکا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)حکومت پنجاب کی طرف سے پابندی اور ڈویژنل انتظامیہ کے واضح احکامات و اعلانات کے باوجود پبلک مقامات بالخصوص سرکاری ہسپتالوں میں سیگریٹ نوشی پر پابندی پر عملدرآمد نہیں کروایا جا سکا۔
ذرائع کے مطابق حکومتی ہدایت پر کمشنر سرگودھا نے ایک ہفتہ میں متذکرہ صورتحا ل کا تدارک یقینی بنانے کے حوالے سے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ پبلک مقامات پر سگریٹ نوشی کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں کے اطراف مقررہ حدود میں سگریٹ کی فروخت کا خاتمہ کر دیا جائے گا مگر 18روز گزر جانے کے بعد بھی کوئی عملی صورت سامنے نہیں آ سکی جس کی وجہ سے پبلک مقامات پر تو حکومتی پابندی کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں جبکہ ہسپتالوں میں صورتحال انتہائی گھمبیر ہو چکی ہے ،اور اس سلسلہ میں ٹوبیکو سیل کی کارکردگی واجبی اور اجلاسوں تک محدود ہے ،اور قائم کئے گئے اس خصوصی سیل پر قومی خزانے کو اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں جبکہ نتائج صفر ہیں ،ضرورت اس امر کی ہے کہ انتظامیہ اپنے کئے گئے ا علانات پر جلد از جلد عملدرآمد یقینی بنائے۔