سگریٹ نوشی کیخلاف بھر پورمہم چلانے کیلئے مانیٹرنگ کمیٹیوں کو فعال کرنے کے احکامات

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)سرگودھا سمیت ریجن بھر میں سگریٹ کے خلا ف بھرپور مہم چلانے کے حوالے سے ڈسٹرکٹ امپلی منٹیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹیوں کو فعال کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے ‘‘ٹوبیکو فری سٹی’’کے تحت خصوصی مہم چلانے کا ٹاسک دیا گیا تھا جس پر تین ماہ سے صرف کاغذی کارروائیاں اوراعلانات تک عملدرآمد سامنے آیا ہے ،جس پر گزشتہ روز سیکرٹری پرائمری و سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب کی طرف سے ریجن کے چاروں اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں عملدرآمد اور نگرانی کے لئے سول ایڈمنسٹریشن آرڈیننس کے تحت بنائی گئی متذکرہ کمیٹیوں کی تشکیل نو کر کے ترجیح بنیادوں پر فعال کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے یہ کمیٹیاں بالخصوص ہسپتالوں، تعلیمی اداروں کے اطراف اور اہم پبلک مقامات کو‘‘ ٹوبیکو فری زون ’’بنانے کیلئے بڑے بڑے بورڈز آویزاں کرنے کے ساتھ ساتھ بھرپور آگاہی مہم چلائیں گی، ٹوبیکو قوانین کے تحت انسدادی کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی، ضلعی سربراہان کو عملدرآمد کا آغاز کروانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔