سرکاری سکولوں میں سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس

سرکاری سکولوں میں سہولیات اور  ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت سرکاری سکولوں میں سہولیات کی فراہمی اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

 اجلاس میں اب تک ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم، چاروں اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز جنرل، چیف ایگزیکٹو آفیسرز ایجوکیشن، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرکاری سکولوں میں ایڈیشنل کلاس رومز، باتھ رومز اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر کام جاری ہے ۔چاروں اضلاع کے سی ای اوز نے اب تک کی پیش رفت، جاری کاموں، فنڈز کے اجراء اور استعمال سے متعلق تفصیلات پیش کیں۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ انجینئرز اور سکولوں کے سربراہان ترقیاتی کاموں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کریں۔، فیلڈ وزٹس جاری رکھیں اور تعمیراتی کاموں میں معیار اور رفتار کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ خطرناک عمارتوں کا سروے جلد مکمل کیا جائے تاکہ انہیں آئندہ ترقیاتی سکیموں میں شامل کیا جا سکے ۔ کمشنر نے واضح کیا کہ سرکاری سکولوں میں سہولیات کی بہتری حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں