یومِ پاکستان کے موقع پر کمشنر آفس میں پروقار تقریب کا انعقاد
پولیس کے چاک و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی قومی دھنیں بجائی گئیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) یومِ پاکستان کے موقع پر کمشنر آفس سرگودھا میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری اور ڈی پی او صہیب اشرف و دیگر افسران کے ہمراہ کمشنر آفس کے سبزہ زار میں قومی پرچم لہرایا۔اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی جبکہ پولیس بینڈ نے قومی دھنیں بجا کر فضا کو حب الوطنی کے جذبات سے معطر کر دیا۔ تقریب میں سرکاری افسران اور عملے کی نے شرکت کی،اس موقع پر کمشنر سرگودھا کا کہنا تھا کہ یومِ پاکستان ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کا درس دیتا ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات میں پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے ، جن کے پیش نظر ہمیں بطور قوم یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری کفایت شعاری مہم وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس پر عملدرآمد ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ کمشنر نے کہا کہ توانائی کے بہتر استعمال، پٹرولیم مصنوعات کی بچت اور سرکاری امور میں سادگی اختیار کرنا قومی مفاد میں ہے ۔حکومتی ہدایات کے مطابق تعلیمی اداروں اور دفاتر میں توانائی کے استعمال کو محدود کرنے اور ورک فرام ہوم جیسے اقدامات بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ۔ ہمیں چاہیے کہ ہم قومی وسائل کے تحفظ اور کفایت شعاری کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹا جا سکے ۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔