پرانی عمارات سے کروڑوں کا سامان غائب تحقیقات ٹھپ

پرانی عمارات سے کروڑوں کا سامان غائب تحقیقات ٹھپ

ڈویژنل ٹی بی ہسپتال کی تعمیر نو مکمل ہونے کے بعد اسے فعال کر دیا گیا ، 20سے زائد ائیر کنڈیشنز ،فرنیچر، آکسیجن سلنڈرز انتظامیہ نے غائب کر دیئے ملازمین کے تبادلوں کے بعد اینٹی کرپشن کو اطلاع ہو گئی، اکتوبر 2025میں باضابطہ تحقیقات کا آغاز ہوا مگر اثر ورسوخ کی نذر ہو کر فائلوں میں دب گیا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈویژنل ٹی بی ہسپتال کی ری ویمپنگ کے دوران پرانی عمارت سے اٹھایا گیا کروڑوں روپے مالیت کا سامان غائب ہونے کی تحقیقات اثر و رسوخ کے باعث ٹھپ کر دی گئیں، جبکہ افسران نے سابقہ تاریخوں میں سامان کی گمشدگی اور دیگر معاملات کی ڈاکومنٹیشن کر کے ریکارڈ کا پیٹ بھر دیا،ذرائع کے مطابق ڈویژنل ٹی بی ہسپتال کی حا ل میں تعمیر نو مکمل ہونے کے بعد اسے فعال کر دیا گیا جبکہ پرانی عمارت مسمار کرنے کے دوران لگے لگ بھگ 20سے زائد ائیر کنڈیشنز ،لاکھوں روپے مالیت کا فرنیچر، آکسیجن سلنڈرز اور جراحی آلات ومشینری و دیگر قیمتی سامان آر ایچ سی 104شمالی میں عارضی طور پر رکھوا یا گیا تھا، معلوم ہوا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ ،سٹور کیپر اور سی او آفس کے اکاؤٹینٹ و دیگر کی مبینہ سا ز با ز سے مذکورہ بیشتر سامان غائب ہو گیا،اور خاموشی اختیار کر لی گئی تاہم ملازمین کے تبادلوں کے بعد اینٹی کرپشن کو بھی اس کی اطلاع ہو گئی، جس پراکتوبر 2025میں باضابطہ تحقیقات کا آغاز ہوا مگر یہ عمل بھی حسب روایت اثر ورسوخ کی نذر ہو کر فائلوں میں دب گیا ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اینٹی کرپشن حکام نے بھی سامان کے متعلق چپ سادھ لی ،جبکہ ٹی بی ہسپتال کی انتظامیہ اور سی او ہیلتھ آفس کے ذمہ دار وں نے ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے کے ساتھ ساتھ خود کو بچانے کیلئے سابقہ تاریخوں میں سامان کے غائب ہونے کے بارے میں پوچھ گچھ کے حوالے سے ڈاکومنٹیشن کر کے ریکارڈ کا پیٹ بھر دیا اور خاتون سی ای او کے علاوہ سابقہ کمشنر و ڈپٹی کمشنر کے تبادلوں کے بعد اب یہ معاملہ مکمل طور پر ٹھپ کر دیا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں