کمشنر سرگودھا کابھلوال کا چار گھنٹے پر مشتمل طویل اور تفصیلی دورہ
بھلوال(نمائندہ دنیا)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کے ہمراہ تحصیل بھلوال کا چار گھنٹے پر مشتمل طویل اور تفصیلی دورہ کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مدثر ممتاز سمیت ایس ڈبلیو ایم سی سی، واسا اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے دورے کا آغاز چک 23 شمالی اور چک 22 شمالی سے کیا۔ انہوں نے دیہاتیوں کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور مریم نواز کی بیٹھک لگا کر مسائل سنے ۔ صفائی، نکاسی آب، بنیادی سہولیات اور دیگر عوامی مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا۔انتظامی افسران نے چک نمبر 23 شمالی میں اپنی مدد آپ کے تحت بنائے جانے والے کھیلوں کے گروانڈ کا جائزہ لیا اور ڈی او سپورٹس کو چار دیواری کے اقدامات کی ہدایت کی۔انہوں نے متعلقہ افسران کو فوری طور پر مسائل کے حل کے احکامات بھی جاری کیے تاکہ دیہاتی سطح پر مزید بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے بھلوال شہر کا بھی تفصیلی دورہ کیا اور شہری سہولیات، صفائی، نکاسی آب اور ستھرا پنجاب مہم کے تحت جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔