لیزر لینڈ لیولرز کی قرعہ اندازی، 43 خوش نصیب کاشتکار منتخب
حکومت کو جدید زرعی مشینری ذریعے خود کفالت کی جانب لے جا رہی ہےیہ اقدام زرعی ترقی اور خوشحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے:کاشتکار
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے زراعت ترقی پسند وژن کے تحت ضلع سرگودھا میں محکمہ اصلاح آبپاشی کے زیر اہتمام لیزر لینڈ لیولرز کی شفاف قرعہ اندازی منعقد ہوئی، جس کے ذریعے 43خوش نصیب کاشتکاروں کا انتخاب کیا گیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر محمد ارشد وٹو اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈویژنل صدر چوہدری شاہنواز رانجھا نے مشترکہ طور پر قرعہ اندازی کی کارروائی مکمل کروائی۔ضلع بھر سے تقریباً 350 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے جانچ پڑتال اور شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے 43 مستحق کاشتکاروں کا انتخاب کیا گیا۔ منتخب ہونے والے کاشتکاروں کو لیزر لینڈ لیولرز فراہم کیے جائیں گے ۔اس موقع پر اے ڈی سی ہیڈکوارٹر نے کہا کہ حکومت پنجاب کاشتکاروں کی خوشحالی اور زرعی پیداوار میں اضافہ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ لیزر لینڈ لیولر کے استعمال سے پانی کی بچت، زمین کی بہتر ہمواری اور فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے ۔چودھری شاہنواز رانجھا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا وژن کسان دوست ہے اور موجودہ حکومت کسانوں کو جدید زرعی مشینری کی فراہمی کے ذریعے خود کفالت کی جانب لے جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے مستحق کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی خوش آئند اقدام ہے ۔اس موقع پر کاشتکاروں نے حکومت پنجاب اور محکمہ اصلاح آبپاشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام زرعی ترقی اور خوشحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جدید زرعی مشینری کی فراہمی سے ان کے کاشتکاری کے اخراجات میں کمی آئے گی۔