بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پر پیش رفت ٹھپ
اتھارٹی کا عملی ڈھانچہ سامنے آیا اور نہ ہی مجوزہ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے کسی منصوبے پر کام شروع ہوسکا،ایک سال بعد بھی معاملہ آگے بڑھتا دکھائی نہیں دے رہاحکومت کی جانب سے بڑے شہروں میں نئے سنٹرل بزنس کے قیام کا اعلان دوبارہ کیا گیا، ،راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، شامل تھے ،سرگودھا نہیں
سرگودھا(نعیم فیصل سے ) بڑے دعوے ، بلند وبانگ منصوبہ اور ایک سال گزرنے کے باوجود عملی پیش رفت ٹھپ، صوبائی حکومت کی جانب سے سرگودھا میں سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کا اعلان تاحال حقیقت نہ بن سکا، نہ اتھارٹی کا باقاعدہ عملی ڈھانچہ سامنے آیا اور نہ ہی مجوزہ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے کسی منصوبے پر کام شروع ہوسکا۔ ایک سال بعد بھی یہ معاملہ ابتدائی کاغذی کارروائی سے آگے بڑھتا دکھائی نہیں دے رہا۔ حیران کن امر یہ ہے کہ جس منصوبے کو سرگودھا میں سرمایہ کاری، روزگار، عمودی تعمیرات اور جدید تجارتی مراکز کے قیام کے لیے گیم چینجر قرار دیا گیا تھا، اس کے عملی خدوخال تک واضح نہیں ہوسکے ۔
مزید تشویشناک صورتحال یہ ہے کہ اپریل 2026 میں پنجاب حکومت کی جانب سے بڑے شہروں میں نئے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹس کے قیام کے منصوبے کا اعلان دوبارہ کیا گیا، جن میں راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان اور بہاولپور شامل تھے ، مگر سرگودھا اس اعلان کردہ فہرست میں شامل نہیں تھا۔ دوسری جانب سی بی ڈی پنجاب کی حالیہ معلومات کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹس کے لیے مقامات کی نشاندہی اور منصوبہ بندی پر کام کیا جارہا ہے ، لیکن سرگودھا کے منصوبے کے حوالے سے کسی باقاعدہ آغاز یا تعمیراتی سرگرمی کی واضح تازہ تفصیل سامنے نہیں آئی۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ سرگودھا جیسے ڈویژنل ہیڈکوارٹر کے لیے جدید کاروباری مرکز اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کا اعلان اگر محض اجلاسوں، مراسلت اور فائلوں تک محدود رہے تو اس سے شہر کی معاشی ترقی کا مقصد حاصل نہیں ہوسکتا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments