الائیڈ سکولز کے زیر اہتمام کھیلوں پر مشتمل منی اولمپیا منعقد
الائیڈ سکولز کے زیر اہتمام کھیلوں پر مشتمل منی اولمپیا منعقدبچوں نے بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، کیرم بورڈ، آرم ریسلنگ کے مقابلوں میں حصہ لیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) الائیڈ سکولز ریجنل آفس سرگودھا کے زیر اہتمام ان ڈور اور آؤٹ ڈور کھیلوں پر مشتمل منی اولمپیا منعقد کیا گیا، جس میں ضلع سرگودھا اور ضلع خوشاب کی الائیڈ سکولز فرنچائزز سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی کھیلوں کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر بچوں نے بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، سبسکرائبر، کیرم بورڈ، آرم ریسلنگ، شطرنج، ٹگ آف وار اور ڈیجیٹل گیمز سمیت مختلف مقابلوں میں حصہ لیا، جبکہ اسکریچ کوڈنگ کے ذریعے طلبہ کی ڈیجیٹل مہارتوں اور تخلیقی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا گیا۔ منی اولمپیا کا مقصد طلبہ کو نصابی تعلیم کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں اور کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا، ان میں صحت مند مسابقت کا جذبہ پیدا کرنا اور جسمانی و ذہنی نشوونما کو فروغ دینا تھا۔
اس موقع پر الائیڈ سکولز کے ریجنل منیجر رضوان اجمل نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں بچوں کی شخصیت سازی، خود اعتمادی، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور قائدانہ صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الائیڈ سکولز میں طلبہ کی تعلیمی قابلیت بڑھانے کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں میں شرکت کو بھی اہمیت دی جاتی ہے تاکہ بچے زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں۔ رضوان اجمل کے مطابق منی اولمپیا کے ذریعے طلبہ کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور مختلف کھیلوں میں آگے بڑھنے کا موقع ملا ہے ، جبکہ اس سلسلے کا اگلا مرحلہ ریجنل سطح پر منعقد کیا جائے گا، جس میں طلبہ کو مزید بہتر انداز میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments