جناح آبادیوں میں بے ضابطگیا ں، تحقیقات تعطل کا شکار
متعدد مقامات پر مبینہ خلاف ورزی ،پہلے پلاٹوں پر منظورِ نظر افراد کے قبضے کروائے گئے اور بعدازاں مبینہ ملی بھگت سے انہی افراد کو الاٹمنٹ بھی کر دی گئی عید گاہوں، دینی مدارس، سکولوں اور دیگر فلاحی مقاصد کے لیے مختص اراضی پر بھی مبینہ قبضوں کی شکایات ،مستحق خاندانوں کی رہائشی ضروریات متاثر ہو ئیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ضلع سرگودھا کے مختلف دیہی علاقوں میں جناح آبادیوں کے تحت 7 مرلہ سکیموں میں مبینہ بے ضابطگیوں، غیر مستحق افراد کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ اور سرکاری و فلاحی اراضی پر قبضوں کی تحقیقات تعطل کا شکار ہو گئیں، جس کے باعث مستحق افراد اپنے حق سے محروم جبکہ مبینہ طور پر بااثر اور منظورِ نظر افراد مستفید ہوتے رہے ۔ متعدد مقامات پر اس طریقہ کار کی مبینہ خلاف ورزی کرتے ہوئے پہلے پلاٹوں پر منظورِ نظر افراد کے قبضے کروائے گئے اور بعدازاں مبینہ ملی بھگت سے انہی افراد کو الاٹمنٹ بھی کر دی گئی، جس سے سینکڑوں مستحق خاندانوں کی حق تلفی ہونے کی شکایات سامنے آئیں۔ معاملے کا انکشاف ہونے پر سابق کمشنر سرگودھا ڈویژن کی ہدایت پر تحقیقات شروع کروائی گئیں، تاہم ذرائع کے مطابق کارروائی ابتدائی مراحل سے آگے نہ بڑھ سکی اور اہم سوالات کے جوابات سامنے آنے سے پہلے ہی معاملہ سرد خانے کی نذر ہو گیااوراب بعض جناح آبادیوں میں عید گاہوں، دینی مدارس، سکولوں اور دیگر فلاحی مقاصد کیلئے مختص اراضی پر بھی مبینہ قبضوں کی شکایات بھی سامنے آنے لگی ہیں، جس سے نہ صرف مستحق خاندانوں کی رہائشی ضروریات متاثر ہوئیں بلکہ اجتماعی اور فلاحی مقاصد کے لیے مختص زمینوں کا تحفظ بھی سوالیہ نشان بن کر رہ گیاہے ،سائلین کا کہنا ہے اگر الاٹمنٹ کمیٹیوں نے قواعد کے مطابق کام کیا تھا تو غیر مستحق افراد کے نام پلاٹ کیسے منتقل ہوئے ، مستحقین کی اہلیت کا تعین کس بنیاد پر کیا گیا اور فلاحی اراضی پر مبینہ قبضوں کے باوجود متعلقہ ادارے کارروائی کیوں نہ کر سکے ؟
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments