آر پی او کا دورۂ خوشاب، جرائم کے خاتمے کیلئے اقدامات کی ہدایت
آر پی او کا دورۂ خوشاب، جرائم کے خاتمے کیلئے اقدامات کی ہدایتپولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی، یادگارِ شہدا پر حاضری ، چادر چڑھائی
خوشاب (نمائندہ دنیا)ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا ریجن سہیل اختر سکھیرا نے ضلع خوشاب کا دورہ کیا، جہاں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے ان کا استقبال کیا۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔آر پی او نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک و قوم کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی۔بعد ازاں پولیس لائنز میں منعقدہ اجلاس میں افسران اور اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیحات ہونی چاہئیں۔
شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور تھانوں میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی، عزت و احترام اور ذمہ دارانہ رویہ یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں مزید تیز کرنے ، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کرنے اور زیرِ تفتیش مقدمات کو میرٹ پر جلد از جلد یکسو کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے رات کے اوقات میں پولیس گشت بڑھانے اور جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر پٹرولنگ یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ریجنل پولیس آفیسر نے پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود کو محکمانہ ترجیحات کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے دربار میں موجود افسران اور اہلکاروں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments