اسرائیل کے مقبوضہ علاقے ایک گھنٹے میں ناقابل رہائش بن جائیں گے، ایران نے خبردار کر دیا

تہران: (دنیا نیوز) ایران کے سینئر قانون ساز نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی غلط اندازے یا جارحانہ اقدام کے نتیجے میں اسرائیل کے مقبوضہ علاقوں کو ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں ناقابل رہائش بنایا جا سکتا ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے چیئرمین ابراہیم عزیزی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کیا اور ساتھ ہی اسرائیل کے زیر قبضہ علاقوں میں اہم تنصیبات کا تفصیلی نقشہ بھی شیئر کیا، نقشے میں پانی صاف کرنے کے بڑے پلانٹس، بجلی گھر، آئل ریفائنریز، اہم پل، گزر گاہیں، دیمونا جوہری تنصیب اور توانائی کی اہم راہداریوں کی نشاندہی کی گئی۔

ابراہیم عزیزی کے مطابق ان تنصیبات کا ایک دوسرے کے قریب ہونا اسرائیل کے بنیادی ڈھانچے کی کمزوری ظاہر کرتا ہے، یہ دھمکی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب واشنگٹن اور تل ابیب کی جانب سے ایران کے خلاف سخت بیانات اور ممکنہ جارحیت سے متعلق خدشات کے باعث خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے۔

ایرانی حکام اس سے قبل بھی واضح کر چکے ہیں کہ ایران پر کسی حملے کی صورت میں بھرپور اور متعدد محاذوں پر جوابی کارروائی کی جائے گی اور حملہ آوروں اور ان کے حامیوں کے مفادات کو نشانہ بنانے میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...