یوٹیوب موبائل ایپ میں متعدد نئی تبدیلیاں کر دی گئیں
نیویارک: (ویب ڈیسک) ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ایپس کے لیے متعدد نئی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے، جن کا مقصد صارفین کے لیے ہوم پیج کا تجربہ بہتر بنانا اور اپنی پسند کے موضوعات سے متعلق ویڈیوز تلاش کرنا آسان بنانا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’9 ٹو 5 گوگل‘ کی رپورٹ کے مطابق ان تبدیلیوں میں ایپ کی ٹاپ بار کا نیا ڈیزائن اور کسٹم فیڈز بنانے کا فیچر نمایاں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یوٹیوب سبسکرپشنز کے ٹیب کو سکرین کے نچلے حصے سے منتقل کرکے اوپر ٹاپ بار میں جگہ دے رہا ہے، ہوم بٹن کے ساتھ سبسکرپشنز کا نیا بٹن بھی دکھائی دے گا، جس کے نیچے سرخ لکیر موجود ہوگی۔
اس کے علاوہ لائیو میوزک اور موویز اینڈ ٹی وی جیسی نئی فیڈز بھی ٹاپ بار میں نظر آئیں گی، تاکہ صارفین اپنی دلچسپی کے مطابق مواد تک زیادہ آسانی سے رسائی حاصل کرسکیں، یوٹیوب کی نئی اپ ڈیٹ میں سب سے اہم اضافہ پلس (+) بٹن ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی مرضی کی کسٹم فیڈ بنا سکیں گے۔
اس فیچر کی مدد سے صارفین اپنی پسند کا موضوع منتخب کرکے ایسی فیڈ تیار کرسکیں گے جس میں اسی موضوع سے متعلق ویڈیوز دکھائی جائیں گی، اس طرح صارفین کو اپنی دلچسپی کے مطابق مواد دیکھنے کے لیے بار بار تلاش کرنے کی ضرورت کم پڑے گی۔
رپورٹ کے مطابق یوٹیوب مفت استعمال کرنے والے صارفین زیادہ سے زیادہ 3 فعال کسٹم فیڈز محفوظ کرسکیں گے، جبکہ یوٹیوب پریمیم کے صارفین کو 8 فیڈز محفوظ کرنے کی سہولت ملے گی۔
رپورٹ کے مطابق کسٹم فیڈز کا فیچر ابتدائی طور پر امریکا میں صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے بعد اسے دیگر ممالک میں بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
ان تبدیلیوں کے ذریعے یوٹیوب صارفین کو اپنی پسند کے موضوعات کے مطابق ویڈیوز دیکھنے اور ایپ کے ہوم پیج کو زیادہ بہتر انداز میں استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرنا چاہتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments