شکاگو ایئرپورٹ پر طوطے کی شرارتیں، مسافروں کے لیے نئی مشکل کھڑی ہوگئی
شکاگو: (دنیا نیوز) امریکا کے شہر شکاگو کے اوہیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک سبز رنگ کے غیر ملکی پرندے کی اچانک آمد نے مسافروں اور ایئرلائن کے عملے کو حیران و پریشان کردیا۔
ممکنہ طور پر طوطے کی نسل سے تعلق رکھنے والا یہ پرندہ ایئرپورٹ کے ٹرمینل میں گھومتا رہا اور اسے پکڑنے کی کوشش کرنے والے افراد پر حملہ آور ہوگیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ 13 اکتوبر کو شکاگو کے اوہیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل 5 میں پیش آیا، جہاں ایئر فرانس کے چیک اِن کاؤنٹر کے قریب ایک سبز رنگ کے پرندے کو گھومتے ہوئے دیکھا گیا۔
پرندہ کبھی مسافروں کے سروں پر بیٹھ جاتا تو کبھی ان کے سامان پر جا بیٹھتا، اس دوران ایئرپورٹ پر موجود افراد نے اسے پکڑنے اور محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی کوشش کی، تاہم پرندے کا رویہ غیر متوقع طور پر جارحانہ ہوگیا۔
واقعے کی سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب بھی کوئی شخص پرندے کو پکڑنے یا چھونے کے لیے آگے بڑھتا تو وہ چونچیں مارنے لگتا، اس غیر معمولی رویے کے باعث لوگوں کو اسے قابو کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ایئرپورٹ کے ملازم پیرس ایلبَرٹ کے مطابق پرندہ ایک کھلے دروازے سے ٹرمینل کے اندر داخل ہوا تھا، جسے متعدد افراد نے اسے پکڑنے کی کوشش کی، لیکن جب بھی کوئی اسے قابو کرنے یا پیار سے پکڑنے کے لیے آگے بڑھتا، وہ بھاگنے کے بجائے مقابلہ کرنے لگتا اور حملہ آور ہوجاتا۔
پیرس ایلبَرٹ نے امریکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ بالآخر ایک صفائی کرنے والے ملازم نے اپنی قمیض کی مدد سے پرندے کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کرلی، جس کے بعد اسے قابو کرنا ممکن ہوا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments