ویپنگ کے باعث آواز تبدیل ہوگئی، سیلینا گومز کا نکوٹین چھوڑنے کا اعلان
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی گلوکارہ و اداکارہ کا کہنا ہے کہ نکوٹین کی لت سے چھٹکارا پانا مشکل ضرور ہے، لیکن یہ عادت جاری رکھنے کے قابل نہیں، انہوں نے دوسروں کو بھی ہمت نہ ہارنے کا پیغام دیا۔
امریکی گلوکارہ اور اداکارہ سیلینا گومز نے انکشاف کیا ہے کہ نکوٹین ویپنگ کے باعث ان کی آواز میں تبدیلی آئی ہے، تاہم انہوں نے بالآخر ویپنگ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے اس عادت سے چھٹکارا پانے کی کوشش کرنے والوں کو بھی حوصلہ دیا ہے۔
سیلینا گومز نے انسٹاگرام سٹوریز پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں بتایا کہ انہوں نے ویپنگ ترک کر دی ہے، نکوٹین چھوڑنا انتہائی مشکل ہے، لیکن یہ ایسی عادت نہیں جسے جاری رکھا جائے۔
گلوکارہ کے مطابق وہ اپنی آواز میں آنے والی تبدیلی کو واپس نہیں بدل سکتیں، انہوں نے نکوٹین کی لت سے نجات حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے افراد کو پیغام دیا کہ وہ ہمت نہ ہاریں اور اس عادت کو ترک کرنے کی کوشش جاری رکھیں۔
سیلینا گومز کی آواز میں تبدیلی کے حوالے سے ان کے مداح گزشتہ کئی برسوں سے گفتگو کرتے رہے ہیں، ان کی مختلف تقریبات اور انٹرویوز کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہی ہیں، جن میں ان کی آواز کے انداز پر تبصرے کیے گئے۔
گلوکارہ نے تاحال ایسی کوئی مخصوص طبی تفصیلات شیئر نہیں کیں جن سے یہ واضح ہو سکے کہ ویپنگ نے ان کی آواز کو کس طرح متاثر کیا یا اس تبدیلی کی اصل وجہ کیا ہے۔
سیلینا گومز نے اس سے قبل دسمبر 2025 میں انسٹاگرام لائیو کے دوران بھی اپنی آواز میں تبدیلی سے متعلق قیاس آرائیوں پر بات کی تھی، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بعض اوقات ایسا ہو جاتا ہے اور ان کے گلے کے اندر سوجن بھی ہو جاتی ہے۔
ان کے اس بیان کے بعد ویپنگ چھوڑنے سے متعلق حالیہ اعلان نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر ان کی صحت اور آواز میں تبدیلی کے موضوع کو توجہ کا مرکز بنا دیا ہے، تاہم گلوکارہ کی جانب سے طبی وجوہات کی مزید وضاحت سامنے نہیں آئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments