فش پراڈکٹس کی برآمدات 568 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں: وفاقی وزیر بحری امور
ٹوبہ ٹیک سنگھ :(دنیا نیوز) وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان کی فش پراڈکٹس کی برآمدات 568 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، جو مقررہ سالانہ ہدف 500 ملین ڈالر سے 68 ملین ڈالر زیادہ ہیں۔
پنجاب کے شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں میڈیا سے گفتگو ہوئے جنید انور چودھری کا کہنا تھا کہ برآمدات میں ہونے والا یہ اضافہ ملکی تجارتی سرگرمیوں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران فش پراڈکٹس کی برآمدات میں گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں 74 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر بحری امور کا کہنا تھا کہ حکومت برآمدات کے فروغ اور برآمد کنندگان کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں برآمد کنندگان کے لیے سمندری راستے کھولے جا رہے ہیں تاکہ مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک ترسیل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
جنید انوار چودھری نے کہا کہ کہ یورپ جانے والے گارمنٹس برآمد کنندگان کے لیے براہِ راست شپنگ کا انتظام کیا جا رہا ہے، اس اقدام سے یورپی منڈیوں تک مصنوعات کی ترسیل میں آسانی پیدا ہونے اور برآمدات کے اخراجات میں نمایاں کمی آنے کی توقع ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ برآمد کنندگان کو سہولتیں فراہم کرنے اور سمندری تجارت کے نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات سے ملکی برآمدات کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments