پاکستان اور ورلڈ بینک کا سرمایہ کاری، روزگار کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق
بنکاک: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بنگا سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور ورلڈ بینک گروپ کے اشتراکِ عمل کے آئندہ مرحلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران احد چیمہ نے معاشی استحکام کو پائیدار، سرمایہ کاری پر مبنی ترقی میں بدلنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک گروپ کی جانب سے منصوبوں کی تیاری کا اوسط دورانیہ 19 ماہ سے کم ہو کر 9 ماہ ہونا خوش آئند ہے۔
وفاقی وزیر نے مالی سال 2026 میں 112 ارب ڈالر کی نجی سرمایہ کاری متحرک کرنے کے لیے صدر اجے بنگا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کی قیادت میں حکومتی اصلاحات کا مقصد نظامی رکاوٹیں دور کرکے منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنا ہے۔
ملاقات میں طریقہ کار آسان بنانے، عملی مؤثریت بڑھانے اور ترقیاتی نتائج کی فراہمی تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا، احد چیمہ نے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک اور پالیسی اصلاحات کو مؤثر سرمایہ کاری سے ہم آہنگ کرنے پر بھی زور دیا۔
احد چیمہ کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل تبدیلی، مصنوعی ذہانت، معدنیات، صحت، ہنرمندی، زرعی ویلیو چینز، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری ترجیحی شعبوں میں شامل ہے، ایم ایل ون اور قومی مصنوعی ذہانت و معاشی ترقی پروگرام کے لیے ورلڈ بینک کی مسلسل معاونت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ شراکت داری کا محور قابل اعتماد نگرانی اور لوگوں کی زندگیوں میں ٹھوس بہتری ہونا چاہیے، حکومت 2028 تک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کے لیے مالی معاونت دوگنا کرنے کے ہدف پر کام کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے سرمایہ کاری، جدت اور روزگار کے لیے نجی شعبے کو مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
اس موقع پر ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بنگا نے نجی شعبے کی سرگرمیوں میں توسیع اور سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کاروباروں اور عوام کے لیے پائیدار نتائج کی خاطر موزوں مالیاتی اداروں اور نجی شراکت داروں کا انتخاب ضروری ہے۔
ملاقات میں قومی مفادات کے تحفظ کے ساتھ سرمایہ کاری متحرک کرنے کے لیے خودمختار دولت فنڈ کے امکان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان اور ورلڈ بینک گروپ نے ترقی، نتیجہ خیز روزگار اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری کے مشترکہ مقصد کا اعادہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments