پاکستان، جنوبی کوریا اور مصر کے درمیان بڑی سرمایہ کاری کی تیاریاں، دبئی میں اہم ملاقات

دبئی (سید مدثر خوشنود) پاکستان، جنوبی کوریا اور عرب ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور اربوں کی منڈیوں میں نئی سرمایہ کاری کے امکانات روشن ہو گئے۔

متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کاروباری شخصیت ملک منیر اعوان اور عرب افریقی اعلیٰ اقتصادی کونسل کے اول نائب صدر سفیر یاسر البخشوان کے درمیان اہم ملاقات میں پاکستان، مصر اور دیگر عرب ممالک میں مشترکہ سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مصر کے ممتاز اخبارات الجمہوریہ اور اخبار الیوم کے مطابق سفیر یاسر البخشوان نے بتایا کہ پاکستانی سرمایہ کار گروپ جنوبی کوریا کی بڑی کمپنیوں کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت مشرقِ وسطیٰ میں نئی سرمایہ کاری شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس کا بڑا حصہ مصر میں لگائے جانے کی منصوبہ بندی ہے۔

مجوزہ سرمایہ کاری میں زراعت، نقل و حمل اور رسد کی خدمات، جائیدادوں کی ترقی اور سیاحتی منصوبوں جیسے اہم شعبوں کو ترجیح دی جائے گی، مصر میں جدید بنیادی ڈھانچے اور سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع کو اس منصوبے کے لیے اہم قرار دیا گیا ہے۔

سفیر یاسر البخشوان نے پاکستانی کاروباری شخصیت ملک منیر اعوان سے دبئی میں ہونے والی ملاقات کو مثبت اور نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں شخصیات کے درمیان مستقبل کی اسٹریٹجک شراکت داری، سرمایہ کاری کے انتظام اور عرب و پاکستانی کاروباری اداروں کے درمیان تجارتی روابط کو مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ عرب افریقی اعلیٰ اقتصادی کونسل کی حکمتِ عملی میں پاکستان کے اندر نئی عرب سرمایہ کاری لانے کے منصوبے بھی شامل ہیں، جن کا مقصد پاکستان اور عرب ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینا ہے۔

ملاقات میں پاکستانی اور جنوبی کوریائی سرمایہ کاروں کے لیے مصر سمیت عرب منڈیوں میں نئے کاروباری مواقع پیدا کرنے اور مختلف اقتصادی شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں مصری اخبارات نے اس اقتصادی پیش رفت کو پاکستان اور عرب دنیا کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارتی روابط کے فروغ کی اہم کوشش کے طور پر رپورٹ کیا ہے، مجوزہ منصوبوں پر عملی پیش رفت سے پاکستان، مصر اور جنوبی کوریا کے سرمایہ کاروں کے لیے نئے کاروباری مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...