روسی فوج کا خارکوف میں 2 آبادیوں پر کنٹرول، یوکرینی فوج کو 1,105 اہلکاروں کا نقصان
ماسکو: (شاہد گھمن) روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خارکوف کے علاقے میں نیفیودوفکا اور چورنویے کی آبادیوں پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق بیٹل گروپ نارتھ کے دستے خارکوف میں یوکرینی فوج کے گرد محاصرہ مزید سخت اور اپنے زیر کنٹرول علاقے کو وسیع کر رہے ہیں، روسی فوج نکولائیفکا اور وارواروفکا سمیت کئی دوسری آبادیوں کی جانب بھی پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہے۔
وزارت دفاع نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف محاذوں پر یوکرینی فوج کو مجموعی طور پر تقریباً ایک ہزار 105 اہلکاروں کا نقصان ہوا، اس تعداد میں ہلاک اور زخمی دونوں شامل ہوسکتے ہیں، تاہم روسی وزارت دفاع نے علیحدہ اعدادوشمار فراہم نہیں کیے۔
روسی فوج کے مطابق بیٹل گروپ نارتھ کے علاقے میں یوکرین کو 175 سے زیادہ، بیٹل گروپ ویسٹ کے محاذ پر تقریباً 220 اور بیٹل گروپ ساؤتھ کے علاقے میں قریب 145 اہلکاروں کا نقصان ہوا۔
بیٹل گروپ سینٹر کے زیر ذمہ داری علاقوں میں یوکرینی فوج کو تقریباً 345، بیٹل گروپ ایسٹ کے محاذ پر 190 سے زیادہ جبکہ بیٹل گروپ دنیپر کے علاقے میں تقریباً 30 اہلکاروں کا نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
روسی وزارت دفاع نے بتایا کہ بیٹل گروپ سینٹر کے دستوں نے دونیتسک کی عوامی جمہوریہ کے شہر دوبروپولیہ میں پیش قدمی کرتے ہوئے 31 عمارتوں پر کنٹرول حاصل کیا۔
وزارت دفاع کے مطابق روسی فضائیہ، ڈرون یونٹس، میزائل فورسز اور توپ خانے نے یوکرینی فوج کے زیر استعمال نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے، ڈرون تیار کرنے والی ورکشاپس، ڈرون ذخیرہ کرنے کے مراکز اور فوجی اہلکاروں اور غیر ملکی جنگجوؤں کے عارضی تعیناتی مقامات کو 145 علاقوں میں نشانہ بنایا۔
روسی وزارت دفاع نے مزید دعویٰ کیا کہ فضائی دفاعی نظام نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 342 یوکرینی ڈرونز اور چار طویل فاصلے تک مار کرنے والے فلیمنگو کروز میزائلوں کو تباہ کر دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments