روسی ڈیزل کی امریکا کو پہلی کھیپ 2 سے 3 ہفتوں میں بھیجی جا سکتی ہے، الیگزینڈر نوواک

ماسکو: (شاہد گھمن) روس کے نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوواک نے کہا ہے کہ روسی ڈیزل کی امریکا کو پہلی کھیپ بھیجنے میں کم از کم 2 سے 3 ہفتے لگ سکتے ہیں۔

ماسکو میں جاری رشین انرجی ویک فورم کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے الیگزینڈر نوواک نے کہا کہ ڈیزل کی فراہمی کے لیے پہلے معاہدہ طے کرنا، ایندھن لوڈ کرنا، بحری جہاز کا انتظام کرنا اور اسے خریدار کی جانب روانہ کرنا ہوگا، اس مکمل عمل میں دو سے تین ہفتے درکار ہوں گے، اس لیے معاہدہ جلد از جلد طے کیا جانا ضروری ہے۔

روسی صدر ولادیمیر پوتن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 9 اکتوبر کو ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ فراہمی پر بھی تبادلہ خیال کیا تھا، صدر پوتن نے امریکا اور عالمی منڈی کو روسی تیل اور پیٹرولیم مصنوعات فراہم کرنے کے لیے ماسکو کی آمادگی کی تصدیق کی تھی۔

الیگزینڈر نوواک کے مطابق روس ڈیزل کی برآمدات پر عائد پابندی مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنے کے لیے تیار ہے، روس اکتوبر میں تین لاکھ ٹن، نومبر میں پانچ لاکھ ٹن اور دسمبر میں دس لاکھ ٹن ڈیزل فراہم کرسکتا ہے۔

روسی نائب وزیراعظم نے بتایا کہ بعد ازاں ڈیزل کی ماہانہ فراہمی کا حجم بڑھا کر 30 لاکھ ٹن تک پہنچایا جاسکتا ہے۔

امریکی انتظامیہ نے روسی ڈیزل کی عالمی منڈی کو فراہمی کی اجازت دینے کے لیے عمومی لائسنس بھی جاری کیا ہے، جو 7 اپریل 2027 تک نافذ رہے گا۔

رشین انرجی ویک فورم ماسکو میں 14 سے 16 اکتوبر تک جاری رہے گا، فورم روسی حکومت، وزارت توانائی اور ماسکو حکومت کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...