دبئی میں پاک بھارت کامیڈی سٹارز کا میگا شو، نامور فنکار ایک ہی سٹیج پر جلوہ گر ہوں گے

دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں 18 اکتوبر کو قہقہوں، موسیقی اور تفریح کا بڑا میلہ سجنے جا رہا ہے، جہاں پاکستان اور بھارت کے نامور فنکار ایک ہی اسٹیج پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

معروف بھارتی اداکارہ راکھی ساونت، پاکستانی کامیڈی اسٹار شکیل صدیقی، رؤف لالا اور دیگر مقبول فنکار میگا کامیڈی و میوزیکل شو ’’ملاپ‘‘ میں شائقین کو محظوظ کریں گے۔

اس رنگارنگ پروگرام کے حوالے سے دبئی میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں راکھی ساونت، شکیل صدیقی اور دیگر فنکاروں نے شرکت کی، اس موقع پر شو کی تفصیلات پیش کی گئیں اور پاکستانی و بھارتی فنکاروں کی مشترکہ پرفارمنس کو پروگرام کی خصوصی پہچان قرار دیا گیا۔

مقامی ایونٹ کمپنی کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے اس میگا شو میں راکھی ساونت، شکیل صدیقی، رؤف لالا، مست علی، عزیز ناصر، گلو دادا، اکبر تبر اور ماہم طاہر سمیت متعدد فنکار شرکت کریں گے، جبکہ پروگرام کے تشہیری مواد میں فیروز خان کا نام بھی شامل ہے۔

منتظمین کے مطابق ’’ملاپ‘‘ کا مقصد پاکستانی اور بھارتی فنکاروں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا کرکے فن، مزاح اور موسیقی کے ذریعے مختلف کمیونٹیز کو قریب لانا ہے، پروگرام میں کامیڈی کے دلچسپ خاکوں، برجستہ مکالموں، مزاحیہ پرفارمنس اور موسیقی کے خصوصی رنگ پیش کیے جائیں گے۔

شو کی ایک اہم خصوصیت پاکستانی اور بھارتی کامیڈی اسٹارز کی مشترکہ پرفارمنس ہوگی، جس میں شکیل صدیقی اور رؤف لالا جیسے مقبول مزاحیہ فنکار اپنے مخصوص انداز سے شائقین کو محظوظ کریں گے، جبکہ راکھی ساونت کی شرکت بھی پروگرام کی نمایاں کشش ہوگی۔

اس موقع پر خصوصی مزاحیہ پیشکش ’’ملاپ — ٹیبل فار لافٹر‘‘ بھی پروگرام کا حصہ ہوگی، جس میں ریسٹورنٹ کے دلچسپ ماحول کے گرد گھومتی مزاحیہ کہانی کو اسٹیج پر پیش کیا جائے گا۔ اس خصوصی خاکے میں مختلف فنکار منفرد کرداروں کے ذریعے شائقین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کی کوشش کریں گے۔

یہ میگا شو اتوار 18 اکتوبر 2026 کو دبئی کے شیخ راشد آڈیٹوریم، انڈین ہائی اسکول، عود میثا میں شام ساڑھے سات بجے سے رات ساڑھے دس بجے تک منعقد ہوگا۔

دبئی میں پاکستانی اور بھارتی کمیونٹی کی بڑی تعداد کی موجودگی کے پیشِ نظر اس مشترکہ ثقافتی اور تفریحی پروگرام کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ ’’ملاپ‘‘ کے ذریعے دونوں ممالک کے فنکاروں کی صلاحیتوں کو ایک ساتھ پیش کرتے ہوئے شائقین کو ایک منفرد اور یادگار تفریحی شام فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

فن، موسیقی اور قہقہوں کے اس امتزاج کے ساتھ ’’ملاپ‘‘ دبئی میں جنوبی ایشیائی فنکاروں کے مشترکہ ثقافتی پروگراموں کی ایک نمایاں کڑی بننے جا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...