روسی وزارت خارجہ کی پریس بریفنگ میں پاکستانی اداکارہ دنانیر مبین کی کامیابی کا خصوصی ذکر
ماسکو: (شاہد گھمن) روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں پاکستانی اداکارہ دنانیر مبین کی بین الاقوامی کامیابی کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ماسکو میں منعقدہ اوپن یوریشین فلم ایوارڈز ’’ڈائمنڈ بٹر فلائی‘‘ میں پاکستان کی دنانیر مبین کو بہترین اداکارہ کا اعزاز دیا گیا۔
ماریہ زخارووا نے بریفنگ کے دوران ثقافتی اور انسانی تعاون کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روس نہ صرف اپنی ثقافت کو دنیا بھر میں متعارف کروانے پر توجہ دیتا ہے بلکہ دوسرے ممالک کی ثقافت اور فنون کو سمجھنے اور ان کی قدر کرنے کو بھی اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس کی اسی ثقافتی کشادگی کی ایک نمایاں مثال 12 نومبر کو ماسکو میں منعقد ہونے والی اوپن یوریشین فلم ایوارڈز ’’ڈائمنڈ بٹر فلائی‘‘ کی تقریب تھی، جس میں 17 ممالک کی 34 فلمیں مقابلے کے لیے منتخب کی گئی تھیں۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے ایوارڈز کے نتائج کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بہترین اداکار کا اعزاز قازقستان کے ژے کوپبرگینوف جبکہ بہترین اداکارہ کا اعزاز پاکستان کی دنانیر مبین نے حاصل کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بہترین معاون اداکاروں کے اعزازات بیلاروس کے آر ناؤمووچ اور سربیا کی ایس زرنیچ کو دیے گئے، جبکہ یوریشیائی خطے سے باہر کے ملک کی بہترین فلم کا اعزاز کیوبا کی فلم ’’اسٹریٹ 232‘‘ نے حاصل کیا۔
ماریہ زخارووا نے بتایا کہ انہیں خود اس تقریب میں بھارتی موسیقار ایم ایم کیراوانی کو فلم ’’دی گریٹ تنوی‘‘ کی موسیقی کے لیے ایوارڈ پیش کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی، تاہم بھارتی موسیقار تقریب میں شرکت نہیں کرسکے، اس لیے ان کا اعزاز بعد میں پہنچایا جائے گا۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ روسی عوام کی ایک اہم خصوصیت دوسرے ممالک کی ثقافت اور فنون میں دلچسپی لینا اور ان کی قدر کرنا ہے، ڈائمنڈ بٹر فلائی جیسے بین الاقوامی ثقافتی پروگرام روس کی اسی روایت کی عکاسی کرتے ہیں۔
ماریہ زخارووا نے مزید کہا کہ روسی وزارت خارجہ اور بیرون ملک روسی سفارتی مشنز مختلف ممالک کے ساتھ ثقافتی اور انسانی تعاون کے فروغ کے لیے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments