ون بلین فالوورز سمٹ جنوری 2027ء میں، بہترین تخلیقی فلم کیلئے 10 لاکھ ڈالر انعام مقرر

دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں دنیا بھر کے سوشل میڈیا اثر و رسوخ رکھنے والے افراد اور ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والوں کے عالمی اجتماع ’’ون بلین فالوورز سمٹ 2027ء‘‘ کی تیاریاں جاری ہیں، پانچواں ایڈیشن 8 سے 10 جنوری 2027ء تک منعقد ہوگا۔

متحدہ عرب امارات کے سرکاری دفتر برائے ذرائع ابلاغ کے زیرِ اہتمام تین روزہ عالمی سمٹ کی سرگرمیاں جمیرا ایمریٹس ٹاورز، دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر اور میوزیم آف دی فیوچر میں ہوں گی، جہاں ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ، مصنوعی ذہانت اور سماجی رابطوں کے نئے رجحانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

منتظمین کے مطابق عالمی سمٹ میں سوشل میڈیا پر اثر و رسوخ رکھنے والی شخصیات، ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والے افراد، ٹیکنالوجی ماہرین، ذرائع ابلاغ کی کمپنیوں اور کاروباری شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔

پروگرام میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے مواد کی تیاری، سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز پر کاروباری مواقع، ڈیجیٹل تشہیر اور مواد تخلیق کرنے والوں کی معیشت کے مستقبل پر خصوصی نشستیں منعقد ہوں گی۔

سمٹ کا مقصد تخلیقی صلاحیتوں کو کاروباری مواقع میں تبدیل کرنے اور نئے تخلیق کاروں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں متعارف کرانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق سمٹ کے سلسلے میں مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مختصر فلموں کیلئے دس لاکھ امریکی ڈالر کے خصوصی عالمی انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔

مقابلے میں پانچ سے سات منٹ دورانیے کی اصل فلمیں جمع کرائی جا سکتی ہیں، جبکہ درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 20 نومبر 2026ء مقرر کی گئی ہے، منتخب فلموں کی نمائش اور فاتح کا اعلان جنوری میں ہونے والی عالمی سمٹ کے دوران کیا جائے گا۔

سمٹ میں عالمی ڈیجیٹل ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو کاروباری تعاون، تخلیقی منصوبوں اور بین الاقوامی شراکت داری کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔

منتظمین نے مختلف سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز کے تعاون سے مقابلوں اور نئے ڈیجیٹل کاروباروں کی حوصلہ افزائی کے اقدامات بھی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

دبئی میں اس عالمی اجتماع کا انعقاد متحدہ عرب امارات کی ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت اور تخلیقی صنعتوں کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...