عالمی پولیس سمٹ، دبئی میں مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید تفتیشی نظام متعارف

دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں منعقدہ ورلڈ پولیس سمٹ 2026ء کے دوران دبئی پولیس نے مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید سکیورٹی اور تفتیشی ٹیکنالوجی متعارف کروائی ہے۔

دبئی پولیس کی جانب سے پیش کیے گئے نئے اے آئی ایجنٹ کا مقصد ڈیجیٹل اثاثوں اور ورچوئل کرنسی سے متعلق مالیاتی جرائم کی تحقیقات میں مدد فراہم کرنا ہے، یہ نظام مختلف ڈیجیٹل والیٹس کے درمیان ہونے والی ٹرانزیکشنز کا تجزیہ کرنے اور مشتبہ مالی سرگرمیوں کی نشاندہی میں تفتیشی حکام کی معاونت کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

عالمی پولیس سمٹ میں اسمارٹ انویسٹی گیٹر، جدید سکیورٹی میپنگ پلیٹ فارم، خودکار روبوٹک گشت کے نظام اور جدید غیاث پولیس گاڑی سمیت مختلف ٹیکنالوجیز بھی پیش کی گئیں، ان اقدامات کا مقصد پولیس کے تفتیشی طریقہ کار کو جدید بنانا، جرائم کی روک تھام میں ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھانا اور پولیس اہلکاروں کو مؤثر ڈیجیٹل وسائل فراہم کرنا ہے۔

سمٹ میں شریک عالمی پولیس اور سکیورٹی ماہرین کے سامنے جدید نظاموں کی صلاحیتوں اور ان کے ممکنہ استعمال کو اجاگر کیا گیا۔

المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق دبئی پولیس جدید سکیورٹی نظاموں میں مصنوعی ذہانت، ڈیٹا اینالیٹکس اور روبوٹکس کے استعمال کو فروغ دے رہی ہے، خاص طور پر ڈیجیٹل مالیاتی جرائم کی تحقیقات کے لیے تیار کردہ اے آئی ایجنٹ کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ ورچوئل اثاثوں سے متعلق جرائم کی تفتیش میں بڑی تعداد میں مالیاتی ٹرانزیکشنز اور پیچیدہ ڈیجیٹل معلومات کا تجزیہ کرنا پڑتا ہے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے تحقیقات کی رفتار اور مؤثریت بہتر بنانے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

ورلڈ پولیس سمٹ 2026ء نے عالمی سطح پر پولیس اداروں کو جدید سکیورٹی ٹیکنالوجی، جرائم کی نئی اقسام اور بین الاقوامی تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کا موقع فراہم کیا۔

دبئی پولیس کی جانب سے جدید اے آئی نظاموں کی نمائش متحدہ عرب امارات میں پولیسنگ کے شعبے کو مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

حکام کا مقصد ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے عوامی تحفظ، تفتیشی صلاحیتوں اور سکیورٹی خدمات کے معیار میں مزید بہتری لانا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...