خاندان کو بکھرنے سے بچانا زندگی کی سب سے بڑی کامیابی ہے: شہود علوی

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکار شہود علوی نے کہا ہے کہ دولت کمانے، شہرت حاصل کرنے اور دنیا گھومنے سے بڑھ کر اہمیت اپنے خاندان کو ساتھ لے کر چلنے اور رشتوں کو برقرار رکھنے کی ہے۔

دنیا نیوز کے مزاحیہ پروگرام مذاق رات میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار شہود علوی نے اپنی ازدواجی زندگی اور کامیابی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زندگی کی سب سے بڑی کامیابی اپنے خاندان کو ساتھ لے کر چلنا اور اسے بکھرنے سے بچانا ہے۔

شہود علوی نے کم عمری میں شادی کی اور طویل عرصے سے کامیاب ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں، اداکار آج بھی شوبز انڈسٹری میں سرگرم ہیں اور اپنے فن کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔

اپنی زندگی کی سب سے بڑی کامیابی کے بارے میں بات کرتے ہوئے شہود علوی نے کہا کہ دنیا نے کئی ایسے نامور فنکار دیکھے ہیں جن کی شادیاں کئی دہائیوں تک قائم رہنے کے باوجود طلاق پر ختم ہوئیں، زندگی میں کامیابیاں حاصل کرنے، پیسہ کمانے اور دنیا گھومنے کے بعد انسان بعض اوقات ان چیزوں کو اپنے سر پر سوار کر لیتا ہے، لیکن ایسے میں ضروری ہے کہ اپنے خاندان کو ترجیح دی جائے اور اسے پیچھے چھوڑنے کے بجائے اپنے ساتھ آگے لے کر چلا جائے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے خاندان کو ساتھ لے کر چلنے کو زندگی کا مقصد بنایا اور انہیں خوشی ہے کہ وہ اس مقصد میں کامیاب رہے۔

واضح رہے کہ شہود علوی پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کا ایک معروف نام ہیں۔ وہ اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات کے ساتھ خاندانی زندگی کو بھی بھرپور اہمیت دیتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...