این سی سی آئی اے کا آن لائن جوئے کیخلاف پاکستان کا سب سے بڑا آپریشن، 5 ملزمان گرفتار
کراچی: (دنیا نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کراچی نے آن لائن جوئے اور سٹے کے خلاف پاکستان کا سب سے بڑا آپریشن کرتے ہوئے بین الاقوامی نیٹ ورک پکڑ لیا، کارروائی کے دوران مرکزی کردار سیف سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اب تک آن لائن جوئے کے اکاؤنٹس میں 240 ارب روپے کریڈٹ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ملزمان کے خلاف کارروائیاں کراچی کے مختلف علاقوں میں کی گئیں، جبکہ گرفتار 2 ملزمان کے بینک اکاؤنٹس میں موجود ایک ارب روپے سے زائد کی رقم منجمد کردی گئی ہے، کارروائی کے دوران ایک بیگ سے 73 لاکھ روپے نقد بھی برآمد کیے گئے۔
حکام کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے 20 مشتبہ شناختی کارڈز سے متعلق انکوائری موصول ہوئی تھی، جن کے ذریعے ہونے والی مالیاتی ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ آپس میں مطابقت نہیں رکھتا تھا، اس معاملے کی تحقیقات کیلئے آن لائن جوئے اور سٹے کے نیٹ ورک پر مسلسل 3 ماہ دن رات کام کیا گیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق آن لائن جوئے اور سٹے کے معاملے میں مجموعی طور پر 40 مقدمات درج کیے گئے ہیں، تحقیقات کے دوران بین الاقوامی نیٹ ورک میں مختلف بینکوں، مائیکرو فنانس بینکوں اور دیگر اہم کرداروں کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
حکام کا مزید کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور نیٹ ورک سے وابستہ دیگر عناصر کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments