دبئی میں عالمی ٹیکنالوجی نمائش جیٹیکس گلوبل 7 دسمبر سے شروع ہوگی
دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں دنیا کی بڑی بین الاقوامی ٹیکنالوجی نمائش جیٹیکس گلوبل 2026ء کا انعقاد 7 سے 11 دسمبر تک ہوگا۔
رواں سال یہ عالمی ایونٹ نئے انداز میں دبئی کے دو اہم مقامات پر منعقد کیا جائے گا، 7 دسمبر کو دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں جیٹیکس سمٹ ہوگی، جبکہ 8 سے 11 دسمبر تک دبئی ایگزیبیشن سینٹر، ایکسپو سٹی دبئی میں عالمی ٹیکنالوجی نمائش اور مختلف کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
منتظمین کے مطابق جیٹیکس گلوبل میں مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی، ڈیجیٹل معیشت، جدید کمپیوٹنگ اور مستقبل کی ٹیکنالوجی سمیت اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
عالمی سمٹ میں حکومتی نمائندے، ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سربراہان، سرمایہ کار اور کاروباری شخصیات شرکت کریں گے، جہاں جدید ٹیکنالوجی کے معاشی اثرات، سرمایہ کاری کے امکانات اور کاروباری دنیا میں رونما ہونے والی تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
جیٹیکس گلوبل 2026ء کیلئے ایکسپو سٹی دبئی کو مرکزی نمائش گاہ کے طور پر منتخب کیا گیا ہے، جہاں دنیا بھر کی ٹیکنالوجی کمپنیاں اور نئے کاروباری ادارے اپنی جدید مصنوعات اور خدمات پیش کریں گے۔
نمائش میں مصنوعی ذہانت کے عملی استعمال، کاروباری اداروں کی ڈیجیٹل تبدیلی، جدید حفاظتی نظام اور صنعتی ٹیکنالوجی سے متعلق منصوبے پیش کیے جائیں گے، اس موقع پر عالمی کمپنیوں کو اپنی اختراعات متعارف کرانے اور ممکنہ کاروباری شراکت داروں سے روابط بڑھانے کا موقع بھی ملے گا۔
جیٹیکس گلوبل کو عالمی ٹیکنالوجی صنعت میں کاروباری روابط، سرمایہ کاری اور نئی اختراعات کے فروغ کیلئے اہم بین الاقوامی پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے۔
رواں سال نمائش کے نئے مقام اور پانچ روزہ شیڈول کے تحت دبئی دنیا بھر کی ٹیکنالوجی کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
منتظمین نے بین الاقوامی شرکا کیلئے رجسٹریشن اور شرکت سے متعلق تفصیلات اپنی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کر دی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments