دبئی حکومت کے 20 اداروں میں مصنوعی ذہانت کی 90 سے زائد ایپلی کیشنز فعال
دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں جدت کو اپناتے ہوئے 20 سرکاری اداروں میں 90 سے زائد مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشنز کو عملی طور پر فعال کردیا ہے۔
ڈیجیٹل دبئی اور دبئی فیوچر فاؤنڈیشن نے دبئی فیوچر ویک 2026ء کے دوران مصنوعی ذہانت سے متعلق دوسری سالانہ رپورٹ جاری کی ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دبئی محدود تجرباتی منصوبوں سے آگے بڑھ کر سرکاری خدمات اور انتظامی نظام میں مصنوعی ذہانت کے وسیع استعمال کے نئے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔
دبئی اسٹیٹ آف اے آئی رپورٹ 2026ء کو اسکیلنگ ود ٹرسٹ کے عنوان سے جاری کیا گیا، جس میں مصنوعی ذہانت کے استعمال، شہریوں کو حاصل ہونے والے فوائد، انتظامی چیلنجز اور مستقبل کی ترجیحات کا جائزہ لیا گیا ہے۔
ڈیجیٹل دبئی کے ڈائریکٹر جنرل حمد عبید المنصوری نے کہا کہ دبئی کا مقصد محض جدید ٹیکنالوجی متعارف کروانا نہیں بلکہ سرکاری خدمات کو زیادہ مؤثر، مربوط اور شہریوں کی ضروریات کے مطابق بنانا ہے، انہوں نے مصنوعی ذہانت کے استعمال میں شفافیت، اعتماد اور انسانی نگرانی کو بنیادی اہمیت دی۔
المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق رپورٹ میں دبئی کے سرکاری اداروں کے اندر مصنوعی ذہانت کے عملی استعمال کو ایک بڑی انتظامی تبدیلی قرار دیا گیا ہے، دبئی فیوچر فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو خلفان بالہول نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی اصل کامیابی اس کے ذریعے معاشرے اور شہریوں کی زندگی میں پیدا ہونے والی مثبت تبدیلی ہے۔
رپورٹ میں نجی شعبے اور تعلیمی اداروں کی آرا بھی شامل کی گئی ہیں تاکہ مصنوعی ذہانت کے بڑے پیمانے پر استعمال کے لیے مؤثر حکمت عملی تیار کی جاسکے۔
رپورٹ میں دبئی کے لیے مصنوعی ذہانت سے متعلق ایک نئے انتظامی تصور کو بھی متعارف کروایا گیا ہے جس کے تحت ٹیکنالوجی کی تعداد کے بجائے اس کے حقیقی سماجی اور معاشی فوائد کو کامیابی کا معیار بنایا جائے گا۔
اس رپورٹ کے نتائج کو 2027 میں دبئی کی مصنوعی ذہانت سے متعلق پیش رفت جانچنے کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا، حکام کے مطابق اس حکمت عملی سے دبئی کو دنیا کے جدید ترین، مؤثر اور ذمہ دارانہ مصنوعی ذہانت استعمال کرنے والے شہروں میں شامل رکھنے میں مدد ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments