ایف آئی اے کی کارروائی، کمپنی سے مالیاتی فراڈ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار
کراچی: (دنیا نیوز) شہرِ قائد میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کمرشل بینک سرکل نے مالیاتی فراڈ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نجی کمپنی کے فنڈز میں مبینہ خردبرد کے الزام میں 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان میں مبینہ مرکزی ملزم محمد عباس خان اور اس کا ساتھی شہریار شامل ہیں، واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ محمد عباس خان نے اپنے ساتھی شہریار کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر ایسا جعلی بینک اکاؤنٹ کھلوایا جس کا عنوان نجی کمپنی کے مالک کے اصل بینک اکاؤنٹس سے مماثلت رکھتا تھا، اس طریقۂ واردات کا مقصد کمپنی کی رقوم کو دھوکا دہی کے ذریعے دوسرے اکاؤنٹ میں منتقل کرنا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ کمپنی کے اصل بینک اکاؤنٹ میں جمع کرانے کے لیے جاری کیے گئے ریفنڈ پے آرڈرز اور چیکس مبینہ طور پر دھوکا دہی سے ملزمان کے زیرِ استعمال بینک اکاؤنٹ میں جمع کروا دیے گئے جس کے نتیجے میں کمپنی کے مالک کو لاکھوں روپے کا مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ انکوائری کے دوران ملزم شہریار نے مبینہ طور پر جعلی بینک اکاؤنٹ کھلوانے میں اپنا کردار ادا کرنے اور خردبرد کی گئی رقم میں سے 40 فیصد بطور حصہ یا کمیشن وصول کرنے کا اعتراف کیا۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل کراچی نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments